گنے کے کاشتکاروں کو بہاریہ کماد کو نائٹروجن کی آخری قسط بروقت ڈالنے کی ہدایت

گنے کے کاشتکاروں کو نائٹروجن کھاد کی آخری قسط بروقت ڈالنے کی ہدایت، فصل کی بہتر پیداوار کے لیے رہنمائی جاری

فیصل آباد۔ 23 جون (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع عامر صدیق نے کہا کہ گنے کے کاشتکاروں کو بہاریہ کماد کو نائٹروجن کی آخری قسط بروقت ڈالنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ جن کاشتکاروں نے ابھی تک کھیتوں میں نائٹروجن کھاد کی آخری قسط نہیں ڈالی وہ رواں ہفتے کے دوران فصل کو کھاد کی تیسری خوراک کے طور پر آخری قسط ڈال دیں تاکہ فصل کا اگائو بہتر ہو سکے نیز اگر کھاد دیر سے ڈالی گئی تو برسات شروع ہونے پر فصل کی بڑھوتری پھوٹ کرنے لگے گی جس سے گنے کے گرنے کا خطرہ بھی ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مونڈھی فصل کو نئی فصل کی نسبت 30 فیصدزیادہ کھاد کی ضرورت ہوتی ہے لہٰذا اس ضمن میں کسی غفلت یا کوتاہی کا مظاہرہ نہ کریں ۔ انہوں نے کہاکہ اگر کماد کی فصل پر گڑوؤں کے حملے کے کوئی شواہد نظر آئیں تو ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت توسیع کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے مناسب دانے دار زہروں کا استعمال کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ زہروں کے استعمال کے بعد کھیتوں کو پانی لگانے کے مزید بہتر نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کماد کی کاشت کے حوالے سے دنیا کے ٹاپ ٹین ممالک میں شامل ہونے کے باوجود فی ایکڑ پیداوار اور شوگر ریکوری میں پیچھے ہے جس کیلئے خصوصی اقدامات کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ زرعی مداخل اور تمام وسائل سے استفادہ کی ضرورت ہے لہٰذا کماد کی جدید اقسام کو فروغ دے کر پیداوار میں اضافہ کیاجاسکتاہے۔انہوں نے کہا کہ جب ہم قیمتی تحقیقی معلومات،زرعی تجربات اور نتائج کسانوں تک پہنچائیں گے توفارمرز کی پیداوار بڑھے گی اوراس سے سب کو فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ فصلوں کی روایتی پیداوار پر اکتفا کر لینا درست نہ یں ہے لہٰذا ہمیں مستقبل کے تقاضوں کو مدنظر رکھ کر اپنی پیداوار میں اضافہ کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کوئی بھی ہو بری نہیں ہوتی تاہم اپنے وسائل کو سامنے رکھتے ہوئے کوئی بھی ٹیکنالوجی استعمال کر لی جائے اس کا مقصد فی ایکڑ پیداوار کا زیادہ سے زیادہ حصول ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ایک ایکڑ میں کماد کے 70ہزار پودے لگائیں تو پیداوار آٹھ سو من سے کم بالکل نہیں آئیگی۔انہوں نے کہا کہ پیداوار میں اضافہ کماد کی جدید ورائٹیز کو فروغ دیکر ہی کیا جا سکتا ہے۔