سکیورٹی فورسز نے ضلع گوادر اور پاک ایران بارڈر کراسنگ پر بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے گروہ ’’فتنہ الہندوستان‘‘ کا بڑا حملہ ناکام بناتے ہوئے کارروائی میں ایک خاتون سمیت 10 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک شہری شہید ہو گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق 22 اکتوبر 2026 کو بھارت کے زیر سرپرستی سرگرم ’’فتنہ الہندوستان‘‘ کے دہشت گردوں نے ضلع گوادر …
گوادر میں بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام، خاتون سمیت 10 دہشت گرد جہنم واصل،ایک شہری شہید ہوا، آئی ایس پی آر

مزید خبریں
راولپنڈی۔23اکتوبر (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے ضلع گوادر اور پاک ایران بارڈر کراسنگ پر بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے گروہ ’’فتنہ الہندوستان‘‘ کا بڑا حملہ ناکام بناتے ہوئے کارروائی میں ایک خاتون سمیت 10 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک شہری شہید ہو گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق 22 اکتوبر 2026 کو بھارت کے زیر سرپرستی سرگرم ’’فتنہ الہندوستان‘‘ کے دہشت گردوں نے ضلع گوادر میں گبد بارڈر کراسنگ اور گوادر شہر کےعلاقوں میں دہشت گردانہ کارروائیوں کی کوشش کی۔
ان مقامات کو نشانہ بنا کر دہشت گرد دراصل انہی لوگوں کو نقصان پہنچانا چاہتے تھے جن کی نمائندگی کا وہ جھوٹا دعویٰ کرتے ہیں۔ ان کا مقصد بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا تھا۔ مقامی آبادی کے تحفظ اور علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سکیورٹی فورسز نے گوادر شہر اور گردونواح میں کلیئرنس آپریشنز شروع کیے۔مختلف جھڑپوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے ریاستی عملداری کو نقصان پہنچانے اور گمراہ کن ایجنڈا پھیلانے کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے نتیجے میں ایک خاتون دہشت گرد سمیت 10 دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے گئے۔
دہشت گردانہ حملوں کے دوران ایک شہری نے جام شہادت نوش کیا جبکہ چند گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ سکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان ہوئے بغیر یہ آپریشنز کامیابی سے مکمل کر لیے گئے جس کے نتیجے میں امن و امان اور ریاست کی عملداری بحال ہو گئی۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اس حملے میں ایک بلوچ خاتون کو زبردستی ملوث کرنا نہ صرف ریاست کے خلاف سنگین جرم ہے بلکہ بلوچ خواتین کی حرمت پر بھی براہ راست حملہ ہے۔ یہ اقدام دہشت گردوں کی جانب سے عوامی جذبات بھڑکانے اور اپنی تخریبی مہم کو جھوٹا تقدس فراہم کرنے کے لیے بلوچ خواتین کو بطور پراپیگنڈہ ہتھیار استعمال کرنے کے مکروہ ہتھکنڈے کو بے نقاب کرتا ہے۔
ایسے ہتھکنڈے بلوچ اور اسلامی روایات کے یکسر منافی ہیں جن میں خواتین کو انتہائی عزت و تکریم حاصل ہے۔ بلوچستان کے غیور عوام نے اپنے نام پر خون بہانے والوں کو ہمیشہ مسترد کیا ہے اور وہ اس فریب کو بھی بخوبی بے نقاب کریں گے۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی اپیکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ’’عزم استحکام‘‘ کے تحت انسداد دہشت گردی کی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے چلنے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔







