گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کےاجلاس میں شرکت
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کےاجلاس میں شرکت

مزید خبریں
اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کےاجلاس میں شرکت کی۔چیئرمین کمیٹی سینیٹر محمد طلحہ محمود نے گورنر کاخیرمقدم کیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے اجلاس میں خیبرپختونخوا میں فضائی رابطوں اور ایئرپورٹس سے متعلق مسائل پر صوبے کا مقدمہ پیش کیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ میں سینیٹ کمیٹی میں اپنے صوبے کا مقدمہ لے کر آیا ہوں، خیبرپختونخوا کئی اہم شہروں سے فضائی طور پر منقطع ہے۔
انہوں نے کہا کہ فضائی رابطوں میں بہتری سےخیبرپختونخوا میں سیاحت اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، چترال، پاراچنار اور ڈی آئی خان کے لیے فوری طور پر پروازیں شروع کی جائیں۔گورنر نے کہا کہ سائوتھ ایئر نے پشاور سے کوئٹہ کے لیے پرواز شروع کردی ہے جبکہ کاروباری طبقہ پشاور اور لاہور کے درمیان براہ راست فضائی رابطے کا خواہاں ہے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ڈی آئی خان ایئرپورٹ کو فوری طور پر فعال کیا جائے، موجودہ رن وے اے ٹی آر طیارے کے لیے بھی موزوں نہیں۔
نائن الیون سے قبل ڈی آئی خان کے لیے ہفتہ وار 22 پروازیں چلتی تھیں۔انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان میں گرین فیلڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ تعمیر کیا جا رہا ہے، یہ ایئرپورٹ سی پیک کے قریب واقع ہے اور مستقبل میں پشاور ایئرپورٹ کے متبادل کے طور پر بھی استعمال ہوسکتا ہے۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ڈی آئی خان گرین فیلڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کام تیز کیا جائے تاکہ جنوبی اضلاع سمیت پورے صوبے کے فضائی رابطوں کو بہتر بنایا جا سکے۔








