گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کی ڈی آئی خان کے علاقہ درازندہ میں دھماکے کی شدید مذمت

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے ڈی آئی خان کے علاقے درازندہ میں پولیس اور کسٹم چیک پوسٹ کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے

کراچی۔ 26 ستمبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے ڈی آئی خان کے علاقے درازندہ میں پولیس اور کسٹم چیک پوسٹ کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ہفتہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعا کی۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی اداروں کی خدمات اور قربانیوں کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے سکیورٹی اہلکاروں کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے بزدلانہ واقعات دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے اور ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔