گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے شہیدِ ملت اور پاکستان کے پہلے وزیراعظم خان لیاقت علی خان کی برسی کے موقع پر ان کے مزار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔جمعہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور اپنی جانب سے شہیدِ ملت کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی …
گورنر سندھ کی شہیدِ ملت لیاقت علی خان کے مزار پر حاضری، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی

مزید خبریں
کراچی۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے شہیدِ ملت اور پاکستان کے پہلے وزیراعظم خان لیاقت علی خان کی برسی کے موقع پر ان کے مزار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔جمعہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور اپنی جانب سے شہیدِ ملت کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ شہیدِ ملت لیاقت علی خان کی قومی خدمات اور قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کا قیام ہمارے بزرگوں کی بے مثال جدوجہد، قربانیوں اور لازوال عزم کا نتیجہ ہے، یہ ملک ہمیں پلیٹ میں رکھ کر نہیں دیا گیا، بلکہ اس کے حصول کے لیے ہمارے اکابرین نے اپنا خون بہایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمن عناصر نہیں چاہتے تھے کہ یہ ملک ترقی کرے، لیکن ہماری قیادت نے اپنی قربانیوں سے اس وطن کی آبیاری کی۔گورنر سندھ نے کہا کہ شہیدِ ملت لیاقت علی خان کے آخری الفاظ اللہ پاکستان کی حفاظت کرے آج بھی ہمارے لیے ایک اہم پیغام ہیں، قوم ان کی قربانیوں اور قومی خدمات کو ہمیشہ عقیدت و احترام سے یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے اکابرین کے خوابوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں اور پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر آگے لے کر چلیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کا سفر جاری رہے گا، آج بھی پاکستان میں مسلم لیگ کی حکومت ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف ملک کی قیادت کر رہے ہیں جبکہ محمد نواز شریف پارٹی کے قائد ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی ترقی کا قافلہ آگے بڑھتا رہے گا۔خیبر پختونخوا کی صورتحال اور ملکی حالات سے متعلق سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ ہمیں اپنے شہروں کو جلنے اور اجڑنے سے بچانا ہوگا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ہمارے فوجی اور شہری اسی طرح اپنی جانوں کی قربانیاں دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیر ہے اور تمام پاکستانیوں کو متحد ہوکر ملک کے امن، استحکام اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔گورنر سندھ نے کہا کہ پارلیمانی جمہوریت میں اتحادی بنتے اور بچھڑتے رہتے ہیں، تاہم قومی مفاد، امن اور استحکام کو ہمیشہ مقدم رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون کے مطابق معاملات کو آگے بڑھانا ضروری ہے، جبکہ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے سیاسی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہیں۔کراچی کی معاشی صورتحال سے متعلق سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی ملکی معیشت میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
شہر کی معاشی ترقی، امن و امان کے قیام اور عوام کے بہتر مستقبل کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے کراچی کو معاشی ترقی کی راہ پر مزید آگے لے کر جانا ہے۔اس موقع پر معاونِ خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب راشد نصراللہ نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اظہارِ خیال کیا۔








