گورنر فیصل کریم کنڈی کاپنیالہ میں نادرا دفتر کا افتتاح ،پنیالہ کو تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان

ڈیرہ اسماعیل خان۔ 23 نومبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اتوار کے روز پنیالہ کے باسیوں کا دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے دفتر کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس اقدام کا مقصد مقامی آبادی کو شناختی دستاویزات سے متعلق تمام سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے۔افتتاحی تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی احمد کریم کنڈی، سابق ایم پی …

ڈیرہ اسماعیل خان۔ 23 نومبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اتوار کے روز پنیالہ کے باسیوں کا دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے دفتر کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس اقدام کا مقصد مقامی آبادی کو شناختی دستاویزات سے متعلق تمام سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے۔افتتاحی تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی احمد کریم کنڈی، سابق ایم پی اے احتشام جاوید اکبر خان، سابق امیدوار صوبائی اسمبلی نعمان اکبر خان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ علاقہ باسیوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے علاقے کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اہم اعلانات کئے،انہوں نے کہا کہ نادرا آفس کا قیام عوام کی فلاح و بہبود کی طرف ایک اہم قدم ہے، جو شہریوں کو ضروری شناختی خدمات تک باآسانی رسائی فراہم کرے گا جبکہ جلد ہی پنیالہ میں پاسپورٹ آفس بھی قائم کیا جائے گا۔

انہوں نے پنیالہ کو تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنیالہ کو تحصیل کا درجہ دینے کا عمل تیز کر دیا گیا ہے اوراس ضمن میں متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سے متعلق شکایات پر بات کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ پروگرام سے خارج کی گئی خواتین کا دوبارہ سروے کیا جائے گا تاکہ ہر مستحق خاتون کو سیاسی وابستگی سے قطع نظر بینظیر کارڈ فراہم کیا جا سکے تاکہ وہ اس پروگرام سےپوری طرح مستفید ہو سکے۔

انہوں نے ترقیاتی منصوبوں بارے کہا کہ پنیالہ-ڈیرہ مین روڈکے حوالے سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے ساتھ مشاورت جلد شروع کی جائے گی جبکہ لفٹ کینال منصوبہ کو محض انتخابی نعرہ نہ رہنے دینے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ اس کا آغاز جلد ہی چھ مراحل میں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ یقین دلایا کہ پنیالہ میں بجلی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور وہ جلد سابق ایم پی اے احتشام جاوید اکبر کے ہمراہ واپڈا حکام سے ملاقات کریں گے۔

انہوں نے علاقے کی ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ان کے پنیالہ کے دورے نئے دفاتر اور ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے لیے ہوں گے تاکہ علاقے میں ترقی کا سلسلہ جاری رہ سکے۔امن و استحکام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ اعلیٰ حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں اور سیکورٹی فورسز خطے میں بہترین خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔

 

مزید خبریں