گھر کے باغیچہ میں کاشت کی گئی سبزیاں سپرے سے پاک ہوتی ہیں، شہری کچن گارڈننگ کو فروغ دیں،عدیل احمد

فیصل آباد۔ 21 جنوری (اے پی پی):گھریلوپیمانے پر سبزیوں کی کاشت کا مشغلہ نہ صرف انسانی صحت کیلئے اکسیر کی حیثیت رکھتا ہے بلکہ یہ انسان کے جسم اور دماغ کو توانا رکھنے میں بھی اہم کردار کا موجب ہوتا ہے کیونکہ گھر کے باغیچہ میں کاشت کی گئی سبزیاں سپرے اور دیگر غلاظتوں سے پاک ہوتی ہیں لہٰذا عوا م کو چاہئے کہ وہ بازاری سبزیوں کی خرید سے …

فیصل آباد۔ 21 جنوری (اے پی پی):گھریلوپیمانے پر سبزیوں کی کاشت کا مشغلہ نہ صرف انسانی صحت کیلئے اکسیر کی حیثیت رکھتا ہے بلکہ یہ انسان کے جسم اور دماغ کو توانا رکھنے میں بھی اہم کردار کا موجب ہوتا ہے کیونکہ گھر کے باغیچہ میں کاشت کی گئی سبزیاں سپرے اور دیگر غلاظتوں سے پاک ہوتی ہیں لہٰذا عوا م کو چاہئے کہ وہ بازاری سبزیوں کی خرید سے بچنے اور اپنی صحت کو بہترین حالت میں رکھنے کیلئے کچن گارڈننگ کو فروغ دیں۔یہ بات ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع عدیل احمد نے اے پی پی کو بتائی۔انہوں نے کہا کہ اگرشہریوں کو گھریلو پیمانے پر سبزیوں کی کاشت کیلئے جگہ دستیاب نہ ہو تو ضرورت کیلئے گملوں، کھلے ڈبوں، پلاسٹک یا لکڑی کی ٹرے میں بھی سبزیاں اگائی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گھریلو پیمانے پر چھوٹے پلاٹوں میں ایسی سبزیاں کاشت کی جائیں جوکافی دیر تک پیداوار دینے کی صلاحیت رکھتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پالک، دھنیا، میتھی، گوبھی، ٹماٹر، شلجم، گاجر، مولی جیسی سبزیاں تین سے پانچ مرلہ کے پلاٹ میں بآسانی کاشت کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سبزیوں کیلئے اگر نہری پانی دستیاب نہ ہو تو پینے کا گھریلو پانی بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبزیاں کاشت کرنے کے بعد انہیں پانی دینے وقت اس بات کا خیال رکھا جائے کہ پانی کھیلیوں سے اوپر نہ جائے ورنہ اس سے زمین سخت اور اگاؤ متاثر ہوسکتا ہے۔