گیگ اکانومی پاکستان کے لیے برآمدات اور زرمبادلہ بڑھانے کا تاریخی موقع ہے، میاں کاشف اشفاق

پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ تیزی سے فروغ پاتی گیگ اکانومی پاکستان کے لیے برآمدات اور زرمبادلہ میں نمایاں اضافے کا تاریخی موقع فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے باصلاحیت آئی ٹی ماہرین اور فری لانسرز عالمی ڈیجیٹل مارکیٹ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں

لاہور۔26جولائی (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ تیزی سے فروغ پاتی گیگ اکانومی پاکستان کے لیے برآمدات اور زرمبادلہ میں نمایاں اضافے کا تاریخی موقع فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے باصلاحیت آئی ٹی ماہرین اور فری لانسرز عالمی ڈیجیٹل مارکیٹ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اتوار کو یہاں پاکستان فرنیچر کونسل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوان صرف روایتی فری لانسنگ تک محدود رہنے کے بجائے ویلیو ایڈڈ ڈیجیٹل مصنوعات، سافٹ ویئر سلوشنز اور ٹیکنالوجی سٹارٹ اپس پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام، عالمی فری لانسنگ پلیٹ فارمز تک آسان رسائی اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی سے ملکی برآمدی آمدن میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کی چوتھی بڑی فری لانس ورک فورس کا حامل ہے، جبکہ سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، مصنوعی ذہانت ،سائبر سکیورٹی، کلاڈ کمپیوٹنگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، گرافک ڈیزائننگ اور کانٹینٹ کری ایشن کی عالمی طلب مسلسل بڑھ رہی ہے، جو پاکستانی نوجوانوں کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے حکومت، نجی شعبے اور تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ مشترکہ حکمت عملی کے تحت نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتیں، تکنیکی تربیت اور کاروباری صلاحیتیں فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، تیز رفتار انٹرنیٹ اور جدت پر مبنی پالیسیوں میں سرمایہ کاری سے پاکستان ڈیجیٹل خدمات کی برآمدات میں نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے۔