ہاؤسنگ کے موجودہ مسائل کا حل مشترکہ ایکشن پلان سے ہی ممکن ہے، میاں ریاض حسین پیرزادہ

وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 وزیراعظم کے وژن کی عکاس ہے، پالیسی پر مؤثر عملدرآمد کے لئے تمام متعلقہ اداروں اور سٹیک ہولڈرز کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔وہ پیر کو نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 کے اجراء کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جو نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اسلام آباد میں عالمی یومِ آبادکاری …

اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 وزیراعظم کے وژن کی عکاس ہے، پالیسی پر مؤثر عملدرآمد کے لئے تمام متعلقہ اداروں اور سٹیک ہولڈرز کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔وہ پیر کو نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 کے اجراء کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جو نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اسلام آباد میں عالمی یومِ آبادکاری کے موقع پر اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسانی آبادکاری (یو این ہیبی ٹیٹ) کے تعاون سے منعقد ہوئی۔

وفاقی وزیر نے نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 کی تیاری میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ 24 سال بعد تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پالیسی مرتب کی گئی ہے۔میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ رہائش کے شعبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے نیشنل ہاؤسنگ پالیسی کا اجراء اہم پیشرفت ہے، اس پر مؤثر عملدرآمد کے لئے تمام متعلقہ اداروں اور سٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔تقریب میں وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، ماہرینِ تعلیم، محققین، ہاؤسنگ سیکٹر سے وابستہ شخصیات اور مختلف سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں ماحول دوست اور پائیدار ہاؤسنگ منصوبوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی بے گھر افراد کے لئے چھت کی فراہمی کی تمام تر منصوبہ بندی فراہم کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت، نجی شعبے اور تمام متعلقہ اداروں کو نیشنل ہاؤسنگ پالیسی پر مؤثر عملدرآمد کے لئے دستیاب وسائل بروئے کار لانے چاہئیں۔ پالیسی کا مؤثر نفاذ ملک میں رہائش کے مسائل سے نمٹنے اور پائیدار شہری ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔