وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیرِ صدارت برآمدات اور صنعتی ترقی کے فروغ کے لیے قائم ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں برآمدات میں اضافے، صنعتی سرگرمیوں کی بحالی اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں جوائنٹ سیکرٹری فریدون اکرم شیخ سمیت لیدر، سپورٹس گڈز، کٹلری، قالین اور دیگر برآمدات پر مبنی صنعتی شعبوں کے …
ہارون اختر خان کی زیرِ صدارت برآمدات کے فروغ کی ٹاسک فورس کا اجلاس، صنعتی ترقی اور معاشی بحالی کے اقدامات پر غور

مزید خبریں
اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیرِ صدارت برآمدات اور صنعتی ترقی کے فروغ کے لیے قائم ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں برآمدات میں اضافے، صنعتی سرگرمیوں کی بحالی اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں جوائنٹ سیکرٹری فریدون اکرم شیخ سمیت لیدر، سپورٹس گڈز، کٹلری، قالین اور دیگر برآمدات پر مبنی صنعتی شعبوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
وزارتِ صنعت و پیداوار کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس کے دوران ہارون اختر خان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے معاشی بحالی کے وژن کو آگے بڑھانے کے لیے برآمدات میں اضافے، صنعتی ترقی اور نجی شعبے کے ساتھ موثر روابط کے حوالے سے حکومتی عزم کا اظہار کیا۔ہارون اختر خان نے کہا کہ برآمدات کے فروغ کے لیے ٹاسک فورس کا قیام ایک اہم اقدام ہے، جس کا مقصد صنعتوں کو درپیش چیلنجز کی نشاندہی، ترقی کے نئے مواقع کی تلاش اور پاکستان کی برآمدی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے قابلِ عمل اقدامات تجویز کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری برادری کو سہولیات فراہم کرنے اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے ذریعے صنعتی بحالی، مسابقت میں اضافے اور کاروباری سرگرمیوں کی توسیع کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
مشیر برائے صنعت و پیداوار نے اس بات پر زور دیا کہ موثر اور نتیجہ خیز پالیسیاں تشکیل دینے کے لیے صنعت کاروں کے ساتھ بامقصد مشاورت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے مشاورتی اجلاسوں کا سلسلہ جاری ہے اور مزید اجلاس بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ کاروباری برادری کے مسائل، تجاویز اور عملی تجربات کو پالیسی سازی کے عمل میں مناسب اہمیت دی جا سکے۔برآمدات پر مبنی صنعتی شعبوں کی صلاحیت کا ذکر کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ لیدر، سپورٹس گڈز، کٹلری اور قالین سمیت مختلف شعبوں کا فروغ برآمدات میں اضافے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور قومی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے صنعتی شعبوں کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اپنے شعبوں کو درپیش مسائل کے حل، پیداواری صلاحیت میں اضافے، مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانے اور عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے کے لیے ٹھوس اور قابلِ عمل تجاویز پیش کریں۔ہارون اختر خان نے شرکا کو یقین دلایا کہ حکومت صنعتی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے تمام ممکنہ تعاون فراہم کرے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت نجی شعبے کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے صنعتی سرگرمیوں میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی، کاروباری سہولیات کی فراہمی اور صنعتوں کی حقیقی ضروریات کے مطابق پالیسیاں تشکیل دینے کا عمل جاری رکھے گی۔مشیر برائے صنعت و پیداوار نے اس بات کا اعادہ کیا کہ برآمدات میں اضافہ، صنعتی ترقی اور معاشی بحالی حکومت کی اہم ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اہداف کے حصول کے لیے سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان مسلسل تعاون اور موثر شراکت داری کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔








