ہانیہ عامر کے ریپ ڈیبیو، ’پابلو‘ نے دھوم مچا دی
ہانیہ عامر کے ریپ ڈیبیو، ’پابلو‘ نے دھوم مچا دی

مزید خبریں
اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے شوبز میں اپنے کیریئر کے 10 سال مکمل ہونے پر موسیقی کی دنیا میں بھی قدم رکھتے ہوئے اپنا پہلا ریپ سنگل ’’پابلو‘‘ جاری کردیا۔ہانیہ عامر نے اس گانے کے بول اور دھن خود تحریر کی ہے، جس میں انہوں نے اپنے ناقدین اور سوشل میڈیا ٹرولز کو دوٹوک جواب دیا ہے۔ گانے میں ہانیہ نے اپنی شخصیت، ظاہری شکل اور نجی زندگی پر ہونے والی تنقید کو موضوع بنایا ہے۔’’پابلو‘‘ کا آغاز ہلکی اور مدھم پیانو دھن سے ہوتا ہے، جو اچانک تیز رفتار ہپ ہاپ انداز میں تبدیل ہوجاتا ہے۔
گانے میں ہانیہ نے پنجابی ہپ ہاپ کے ساتھ اپنے منفرد انداز اور ’’پنڈی اٹیٹیوڈ‘‘ کو نمایاں کیا ہے۔گانے کا سب سے حیران کن پہلو بھارتی اداکارہ اور ریئلٹی ٹی وی اسٹار راکھی ساونت کی آواز میں خصوصی پیغام ہے۔ گانے کے اختتام پر راکھی ساونت ہانیہ کو حوصلہ دیتے ہوئے انہیں ’’شیرنی‘‘ قرار دیتی ہیں اور تناؤ نہ لینے کا مشورہ دیتی ہیں۔ہانیہ عامر نے راکھی ساونت کے پیغام پر سوشل میڈیا کے ذریعے محبت اور تشکر کا اظہار کیا۔’’پابلو‘‘ مختلف میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر جاری کر دیا گیا ہے جبکہ اس کا میوزک ویڈیو بھی ہانیہ عامر نے خود ڈائریکٹ کیا ہے۔







