ہرسبزی کو اس کی موزوں پختگی کے مرحلے پر برداشت کرنا ضروری ہے ، عدیل احمد

محکمہ زراعت فیصل آباد کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عدیل احمد نے کہا ہے کہ سبزیات کی بروقت برداشت کو یقینی بنا کر نہ صرف فصل کے معیار کو برقرار رکھا جا سکتا ہے بلکہ بہتر منڈی نرخ اور زیادہ منافع بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔

فیصل آباد۔ 13 جولائی (اے پی پی):محکمہ زراعت فیصل آباد کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عدیل احمد نے کہا ہے کہ سبزیات کی بروقت برداشت کو یقینی بنا کر نہ صرف فصل کے معیار کو برقرار رکھا جا سکتا ہے بلکہ بہتر منڈی نرخ اور زیادہ منافع بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہر سبزی کو اس کی موزوں پختگی کے مرحلے پر برداشت کرنا ضروری ہے تاکہ تازگی، ذائقہ اور غذائیت برقرار رہے۔ انہوں نے بتایا کہ سفید پھول (گوبھی) کی برداشت اس وقت کی جانی چاہیے جب اس کا پھول مکمل طور پر تیار، سخت اور سفید رنگ کا ہو، کیونکہ فصل کو زیادہ دیر تک کھیت میں چھوڑنے سے معیار متاثر ہو سکتا ہے۔ اسی طرح بھنڈی کی نرم اور درمیانے سائز کی پھلیوں کی بروقت توڑائی سے نئی پھلیوں کی افزائش میں اضافہ ہوتا ہے جس سے مجموعی پیداوار بہتر رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بینگن کے چمکدار، نرم اور مناسب جسامت کے پھل بروقت توڑے جائیں، کیونکہ زیادہ پکنے کی صورت میں ان کی مارکیٹ ویلیو اور معیار میں کمی واقع ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کریلے کے کاشتکاروں کو بھی ہدایت کی کہ سبز، نرم اور مناسب جسامت کے پھل وقت پر برداشت کریں تاکہ ذائقہ برقرار رہے اور فصل مسلسل پیداوار دیتی رہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ سبزیات کی برداشت صبح یا شام کے نسبتاً ٹھنڈے اوقات میں کی جائے اور برداشت کے بعد پیداوار کو دھوپ سے محفوظ رکھتے ہوئے مناسب طریقے سے ذخیرہ اور منڈی تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کاشتکاروں سے کہا کہ وہ جدید زرعی سفارشات پر عمل کریں اور کسی بھی رہنمائی کے لیے محکمہ زراعت کی ہیلپ لائن یا قریبی زرعی دفتر سے رابطہ رکھیں تاکہ بہتر پیداوار کے ساتھ زیادہ معاشی فوائد حاصل کیے جا سکیں۔