رہنما پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی )اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے انسدادِ پولیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہر بچے کو پولیو سے محفوظ بنانا ہماری قومی اور اجتماعی ذمہ داری ہے،پولیو ایک قابلِ انسداد مرض ہے، جس کا بروقت خاتمہ ہمارے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچا سکتا ہے،پولیو سے نجات ایک صحت مند نسل کی …
ہر بچے کو پولیو سے محفوظ بنانا ہماری قومی اور اجتماعی ذمہ داری ہے،رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ کا انسدادِ پولیو کے عالمی دن پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):رہنما پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی )اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے انسدادِ پولیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہر بچے کو پولیو سے محفوظ بنانا ہماری قومی اور اجتماعی ذمہ داری ہے،پولیو ایک قابلِ انسداد مرض ہے، جس کا بروقت خاتمہ ہمارے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچا سکتا ہے،پولیو سے نجات ایک صحت مند نسل کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔پی پی پی میڈیا سیل سے جاری پیغام میں ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ اس جدوجہد میں پولیو ورکرز کا کردار قابلِ تحسین ہے،ہیلتھ کیئر ورکرز مشکل حالات میں بھی اپنی ذمہ داریاں نبھا کر قوم کے مستقبل کو محفوظ بنا رہے ہیں۔
نفیسہ شاہ نے کہا کہ میں پولیو کے خلاف جنگ میں ہماری بہادر لیڈی ہیلتھ ورکرز کو سلام پیش کرتی ہوں جو اس قومی مشن کی اصل طاقت اور بنیاد ہیں۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلائیں۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ پولیو کے قطروں کے حوالے سے بے بنیاد افواہوں میں آ کر والدین صرف اپنی اولاد کو مشکل میں دھکیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے شعور و آگاہی مہم کو گھر، گھر پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے عوامی صحت کو اپنی پالیسی کا مرکز رکھا ہے،شہید محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے ملک میں پولیو سے نجات کے لیے جدو جہد کی،آج انکا مشن انکی بیٹی خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری بھر پور طریقے سے نبھا رہی ہیں۔ نفیسہ شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سندھ حکومت نے حفاظتی ٹیکہ جات، بنیادی مراکزِ صحت کی بحالی اور ہر یونین کونسل تک ویکسین کی رسائی کو یقینی بنا کر پولیو کے خاتمے کے لیے بہترین انتظامات کئے ہیں،پیپلز پارٹی کی کوشش ہے کہ پاکستان کو جلد پولیو فری ممالک کی فہرست میں شامل کیا جائے۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ یہ بچے ملک کا مستقبل ہیں اور ان کی حفاظت اور صحت کی ذمہ داری ہماری ہے۔








