ہر شہری کو وافر، محفوظ، غذائیت بخش اور سستی خوراک کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہیں،وفاقی وزیرِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین

ہر شہری کو وافر، محفوظ، غذائیت بخش اور سستی خوراک کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہیں،وفاقی وزیرِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):عالمی یومِ خوراک 2026 کے حوالے سے وفاقی وزیرِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے اپنے جاری کردہ ایک پیغام میں کہا ہے کہ ہر شہری کو وافر، محفوظ، غذائیت بخش اور سستی خوراک کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہیں۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ آج جدت اپنائیں، کل کو غذائیت فراہم کریں کا موضوع زرعی و غذائی نظام میں جدت کا تقاضا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی بیج پالیسی اور قومی زرعی بائیوٹیکنالوجی پالیسی منظور ہو چکی ہیں۔

قومی بیج پالیسی معیاری، تصدیق شدہ اور موسمیاتی اثرات کے خلاف مزاحم بیجوں تک بروقت رسائی بہتر بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی زرعی بائیوٹیکنالوجی پالیسی بہتر فصلوں اور وسائل کے مؤثر استعمال کا فریم ورک فراہم کرے گی۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، پانی کی قلت اور بڑھتی لاگت سے نمٹنے کے لیے جدید زرعی ٹیکنالوجی ضروری ہے، خوراک کے تحفظ اور معیار کے لیے نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی قائم کی گئی ہے، نئی اتھارٹی عالمی فوڈ سیفٹی تقاضوں کی تعمیل اور پاکستانی زرعی مصنوعات کی مسابقت بہتر بنائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مویشیوں کی جینیاتی بہتری اور پیداوار بڑھانے کے لیے قومی لائیو اسٹاک بریڈنگ پالیسی پر کام جاری ہے، جانوروں کیبیماریوں کی روک تھام، نگرانی اور کنٹرول کے لیے نیشنل اینیمل ہیلتھ ایکٹ تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیداوار بڑھانا کافی نہیں، محفوظ اور غذائیت بخش خوراک عوام کی استطاعت میں بھی ہونی چاہیے۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ بچوں میں غذائی کمی تشویش ناک ہے، خوراک کا ضیاع گھٹانا اور زراعت کو غذائیت کے اہداف سے جوڑنا ضروری ہے، چھوٹے کسانوں، خواتین اور نوجوانوں کو جدید زراعت سے فائدہ پہنچانا پالیسیوں کی ترجیح ہے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ عالمی یومِ خوراک پر کسانوں، مویشی پال حضرات، ماہی گیروں اور غذائی نظام کے تمام کارکنوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔

مزید خبریں