ہنر مند افرادی قوت کو ضروری سہولتیں دے کر پاکستان میں صنعتی انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے،مدثر علی چیمہ

جنوبی کوریا سے واپس آنے والی ہنر مند افرادی قوت کو آسان اور سستے قرضے دے کر پاکستان میں بھی صنعتی انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے

فیصل آباد۔ 11 ستمبر (اے پی پی):جنوبی کوریا سے واپس آنے والی ہنر مند افرادی قوت کو آسان اور سستے قرضے دے کر پاکستان میں بھی صنعتی انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاکستان بزنس ایسوسی ایشن، ساؤتھ کوریا مدثر علی چیمہ نے وفد کے ہمراہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 25ہزار پاکستانی کوریا میں مقیم ہیں، سب سے پہلے نمبر پر صنعتی ورکرز، دوسرےطلبہ اور تیسرے نمبر پر بزنس کمیونٹی آتی ہے۔ انہوں نے کوریا کے نظام بارے بتایا کہ لیبر کو 3سال کیلئے ویزا ملتا ہے جس کے بعد انہیں دوبارہ 3سال کا ویزا لینے کیلئے واپس آنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ہنر مند افرادی قوت کو ضروری سہولتیں دے کر پاکستان میں جدید صنعتوں کا جال پھیلا یا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اُن کی ایسوسی ایشن پاکستانی برآمدات بڑھانے کیلئے ہر سال ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ کانفرنس کرتی ہے جبکہ فیصل آباد کے ہرسیکٹر کے بارے میں الگ الگ کانفرنسیں منعقد کر کے ان کی کوریا کے متعلقہ صنعتکاروں سے بی ٹوبی میٹنگزبھی کرائی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ویزے کے عمل کو جلد مکمل کرانے کا بھی یقین دلایا اور کہا کہ اُن کی ایسوسی ایشن رفاعی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کے حصہ لے رہی ہے۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ وہ مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کیلئے بھر پور تعاون کریں گے۔ قبل ازیں فیصل آباد چیمبر کے صدر فاروق یوسف شیخ نے بتایا کہ فیصل آباد ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 57فیصد کا حصہ ڈالنے کے علاوہ کپڑے کی مقامی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے بھی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے فیصل آباد صرف ٹیکسٹائل کی وجہ سے پہچانا جاتا تھا مگر اب یہاں فارماسوٹیکل، آٹو، ڈیری اور کنفکشنری سمیت کئی دوسرے شعبے تیزی سے ترقی کر رہے ہیں۔ انہوں نے فیصل آباد میں قائم جدید صنعتی علاقوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں ساڑھے پانچ سو سے زائد چینی صنعتیں کام کر رہی ہیں۔ فیصل آباد چیمبر کے بارے میں انہوں نے کہا کہ 22ہزار تاجر اور صنعتکار اس کے ممبر ہیں جبکہ اب یہ ادارہ صرف بزنس کمیونٹی کی بجائے اس شہر کی ایک کروڑآبادی کی نمائندگی کر رہا ہے۔ انہوں نے مدثر چیمہ کی طرف سے لاہور کے بعد فیصل آباد کو خوبصورت شہر قرار دینے پر اُن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چیمبر کی کوششوں سے یہاں سے براہ راست فضائی پروازوں کے علاوہ 80فیصد سڑکوں کی تزئین و آرائش ہو چکی ہے تاہم اب بھی اس شہر کو بہت سے مسائل درپیش ہیں۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ 30ارب ڈالر کی برآمدات کے برعکس وہ 40 ارب کی ترسیلات زر ملک کو بھیج رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی وجہ سے پاکستان نے سفارتی جنگ جیت لی ہے تاہم ابھی معاشی جنگ جیتنے کیلئے ہمیں سخت محنت کرنا ہو گی۔ پاکستان اور کوریا کی دو طرفہ تجارت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس میں پاکستان کو خسارے کا سامنا ہے جسے کم کرنے کیلئے بزنس ایسوسی ایشن کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ آخر میں سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ صدر فاروق یوسف شیخ نے مدثر علی چیمہ کو چیمبر کی شیلڈ پیش کی اور اُن سمیت وفد کے دیگر ممبران کو چیمبر کی 50سالہ سالگرہ کے حوالے سے خصوصی کالر پنز لگائیں۔ اس سے قبل پاکستان بزنس ایسوسی ایشن۔ ساؤتھ کوریا اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔ اس موقع پر چیمبر کے نائب صدر انجینئر عاصم منیر بھی موجود تھے۔