ہیومن رائٹس کمیشن کے اعلیٰ سطحی وفد کا قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کا دورہ، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق سے ملاقات
ہیومن رائٹس کمیشن کے اعلیٰ سطحی وفد کا قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کا دورہ، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق سے ملاقات

مزید خبریں
گلگت۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ جہاں وفد نے جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق سے ملاقات کی۔ ملاقات میں انسانی حقوق، اعلیٰ تعلیم اور خطے کو درپیش مسائل سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور زیر بحث آئے۔ وفد میں ایچ آر سی پی کونسل کے سینئر رکن اور سابق ڈائریکٹر حسین نقی، کونسل کی رکن سعدیہ بخاری اور کونسل کے رکن مظفر حسین شامل تھے۔
وفد کے دیگر ارکان میں کمیشن کے شعبہ ریسرچ اینڈ پبلیکیشن کی سینئر مینیجر ماہین پراچہ، گلگت بلتستان کے ریجنل کوآرڈینیٹر اسرار الدین اسرار اور کمپلینٹ آفیسر ظاہرہ سراج شامل تھیں۔وفد کی آمد پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور انہیں جامعہ کے مجموعی انتظامی و تدریسی امور، جاری تعلیمی پروگراموں اور ادارہ جاتی ترقی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ جامعہ خطے کے نوجوانوں کو معیاری اعلیٰ تعلیم کی فراہمی اور ان کی علمی و فکری تربیت کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ملاقات کے دوران فریقین نے خطے میں انسانی حقوق کی صورتحال، تعلیمی اداروں کے کردار اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر انسانی حقوق کے فروغ، شعور کی بیداری اور نوجوانوں کو اس حوالے سے آگاہی فراہم کرنے میں جامعات کی اہمیت پر بھی بات چیت ہوئی۔








