ینگ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان نے سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی ہے
ینگ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے سرگودھا چیمبرآف کامرس کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد

مزید خبریں
سرگودھا ۔ 05 اکتوبر (اے پی پی):ینگ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان نے سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی ہے۔ ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ینگ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین اور سالٹ گروپ آف کمپنیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شعیب ایوب بٹاولی نے سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر قیصر محمود کھرل، سینئر نائب صدر عمر فاروق ساہنی، نائب صدر راؤ حمزہ قیوم اور دیگر عہدیداران کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ شعیب ایوب بٹاولی نے کہا کہ نئے عہدیداران کا انتخاب کاروباری برادری کے ان کی قیادت پر اعتماد کا عکاس ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ نئی قیادت صنعت کاروں، تاجروں اور برآمد کنندگان کو درپیش مسائل کے حل، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور معاشی ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو برآمدات کے فروغ، منڈیوں تک رسائی اور نئی بین الاقوامی منڈیوں کی تلاش سمیت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔ ایسے حالات میں چیمبرز آف کامرس کا کردار اور بھی اہم ہو گیا ہے۔ ینگ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین شعیب ایوب بٹاولی نے کہا کہ قیصر محمود کھرل اور ان کی ٹیم کاروباری برادری کی مؤثر نمائندگی کرے گی، متعلقہ سرکاری اداروں کے سامنے ان کے مسائل اٹھائے گی اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری قومی معیشت کو مستحکم کرنے میں بنیادی کردار ادا کر رہی ہے اور حکومت و نجی شعبے کے درمیان مؤثر رابطہ کاری معاشی ترقی کی رفتار کو مزید تیز کر سکتی ہے۔







