ماہرین زراعت نے کہا کہ گوبر کی کھاد کا استعمال پودوں کو غذائی اجزاکی فراہمی سمیت زمین کے طبعی و کیمیائی خواص کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے
یورین اور گوبرپر مشتمل کھاد زرعی اجناس کی پیداوار میں اضافہ کیلئے زبردست نتائج کی حامل ہے،ماہرین زراعت

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 07 ستمبر (اے پی پی):ماہرین زراعت نے کہا کہ گوبر کی کھاد کا استعمال پودوں کو غذائی اجزاکی فراہمی سمیت زمین کے طبعی و کیمیائی خواص کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ا س کا استعمال فصلوں اور زمینوں کیلئے بہت فائدہ مندہے۔ ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن حافظ محمد حسیب نے کہاکہ کسانوں، کاشتکاروں، زمینداروں کو چاہیے کہ وہ گوبر کی کھاد سے بھر پور فائدہ اٹھانے کیلئے اس کا مؤثر استعمال یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کھاد یورین اور گوبر پر مشتمل ہوتی ہے۔
انہوں نے بتا یا کہ یورین میں موجود نائٹروجن یوریا کھاد جیسی کیمیائی شکل میں موجود ہوتی ہے لیکن گوبر کے ڈھیر کو کھلی شکل میں چھوڑ دینے کے باعث اس میں سے تین ہفتوں کے اندر اندر 90فیصد نائٹروجن ضائع ہو جاتی ہے،اس لئے اس کا بروقت استعمال یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گوبر کی کھاد جتنی زیادہ گلی سڑی ہو گی اس کے فوائد اتنے ہی زیادہ ہوں گے۔






