یومِ آزادی حوالے آباسین آرٹس کونسل کے زیر اہتمام سہ روزہ تصویری نمائش کا انعقاد (جمعہ ) کو نشتر ہال پشاور میں ہو گا

اباسین آرٹس کونسل پشاور کے زیرِ اہتمام خصوصی تصویری نمائش ”پاکستان کی کہانی، تصویروں کی زبانی“ کا انعقاد کیا جا رہا ہے

پشاور۔ 27 اگست (اے پی پی):اباسین آرٹس کونسل پشاور کے زیرِ اہتمام خصوصی تصویری نمائش ”پاکستان کی کہانی، تصویروں کی زبانی“ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ نمائش کا افتتاح کل بروز جمعہ سہ پہر 5 بجے خاطر غزنوی آڈیٹوریم، نشتر ہال پشاور میں ہوگا۔نمائش کا افتتاح ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی پشاور، شاہد خان مہمند کریں گے۔ اباسین آرٹس کونسل کے مطابق تین روزہ تصویری نمائش 28، 29 اور 30 اگست تک جاری رہے گی، جس میں پاکستان کی تاریخ، ثقافت، قومی تشخص

آزادی کی جدوجہد اور وطن سے محبت کے مختلف پہلوؤں کو تصاویر کے ذریعے اجاگر کیا جائے گا۔منتظمین کا کہنا ہے کہ ”پاکستان کی کہانی، تصویروں کی زبانی“ کے عنوان سے منعقد ہونے والی یہ نمائش نئی نسل کو پاکستان کی تاریخ اور ثقافتی ورثے سے روشناس کرانے کے ساتھ ساتھ وطن سے محبت کے جذبے کو بھی فروغ دے گی۔ نمائش میں فنونِ لطیفہ سے وابستہ افراد، ادیبوں، دانشوروں، طلبہ اور شہریوں کی شرکت متوقع ہے۔ اباسین آرٹس کونسل نے عوام بالخصوص فنونِ لطیفہ اور تاریخ سے دلچسپی رکھنے والے افراد کو نمائش میں شرکت کی دعوت دی ہے۔