یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کی جانب سے سویا بین فیلڈ وزٹ ایگرو ٹیک اینڈ فوڈ فارم خوشاب میں منعقد کیا گیا

فیصل آباد۔ 06 نومبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی انیشیٹو"سویا بین اب آپ کی دہلیز پر"کے تحت یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کی جانب سے سویا بین فیلڈ وزٹ ایگرو ٹیک اینڈ فوڈ فارم خوشاب میں منعقد کیا گیا۔ وزٹ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا جس میں پروفیسر ڈاکٹر ظہیر احمد نے اپنی سویا بین ٹیم کے ہمراہ …

فیصل آباد۔ 06 نومبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی انیشیٹو”سویا بین اب آپ کی دہلیز پر”کے تحت یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کی جانب سے سویا بین فیلڈ وزٹ ایگرو ٹیک اینڈ فوڈ فارم خوشاب میں منعقد کیا گیا۔ وزٹ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا جس میں پروفیسر ڈاکٹر ظہیر احمد نے اپنی سویا بین ٹیم کے ہمراہ شرکت کی۔دورے کے دوران پروفیسر ڈاکٹر ظہیر احمد نے سویا بین کی فصل اور جاری تحقیقی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ سویا بین پاکستان کی زرعی معیشت کے لئے ایک نفع بخش اور پائیدار متبادل فصل کے طور پر اُبھر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا یہ منصوبہ کسانوں کو جدید کاشت کاری کی سہولیات اُن کی دہلیز پر فراہم کرنے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ ڈاکٹر ظہیر احمد نے موقع پر موجود کسانوں کو سویا بین کی بہتر اقسام، کھاد و پانی کے مؤثر استعمال اور فصل کی دیکھ بھال کے جدید طریقوں سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسان سائنسی رہنمائی کے تحت اس فصل کو اپنائیں تو ملکی سطح پر تیل اور فیڈ کی درآمدات میں نمایاں کمی ممکن ہے۔سویا بین ریسرچ ٹیم نے مختلف تجرباتی پلاٹس کا معائنہ کیا اور فصل کی افزائش کے نتائج کا جائزہ لیتے ہوئے مقامی کسانوں سے تبادلہ خیال کیا۔

شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں سویا بین کی کامیاب کاشت سے زرعی پیداوار میں اضافہ اور معیشت کو مضبوط بنیادیں میسر آئیں گی۔

مزید خبریں