153ویں آئی پی یو اسمبلی ، پاکستان کا بنگلہ دیشی امیدوار کی ایگزیکٹو کمیٹی رکنیت کے لئے مکمل حمایت کا اعلان

پاکستان نے بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی 153ویں اسمبلی کے موقع پر ایشیا پیسفک جیو پولیٹیکل گروپ کے اجلاس میں بنگلہ دیش کی امیدوار جشرت عادیب چوہدری کی آئی پی یو ایگزیکٹو کمیٹی کی رکنیت کے لئے مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

اروشا، تنزانیہ۔5اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی 153ویں اسمبلی کے موقع پر ایشیا پیسفک جیو پولیٹیکل گروپ کے اجلاس میں بنگلہ دیش کی امیدوار جشرت عادیب چوہدری کی آئی پی یو ایگزیکٹو کمیٹی کی رکنیت کے لئے مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد نے بنگلہ دیشی امیدوار کی حمایت کرتے ہوئے خطے میں پارلیمانی تعاون کے فروغ اور آئی پی یو میں ایشیا پیسفک خطے کی مؤثر نمائندگی کے عزم کا اعادہ کیا۔

جشرت عادیب چوہدری نے بعد ازاں اکثریتی ووٹ حاصل کرتے ہوئے آئی پی یو کی ایگزیکٹو کمیٹی کی رکنیت حاصل کرلی۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے جشرت عادیب چوہدری اور بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایشیا پیسفک خطے کی پارلیمانوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور عالمی پارلیمانی فورمز پر خطے کی اجتماعی آواز کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے پر یقین رکھتا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری مکالمے، باہمی مفاہمت اور مشترکہ علاقائی و عالمی چیلنجز کے حل کے لئے تعاون کو فروغ دینے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔