16 سینا پراجیکٹ پاکستان میں سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے، عاطف اکرام شیخ

16 سینا پراجیکٹ پاکستان میں سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے، عاطف اکرام شیخ

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ مجاہد گروپ آف انڈسٹریز اور ہاشو گروپ کی 16 سینا پراجیکٹ میں تزویراتی شراکت داری پاکستان میں سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے معاشی اور قومی ترقی کے وژن کے مطابق مجاہد گروپ آف انڈسٹریز اور ہاشو گروپ آج اس بڑے پراجیکٹ کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، مستقبل میں رئیل اسٹیٹ اور دیگر شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجاہد گروپ آف انڈسٹریز اور ہاشو گروپ میں 16 سینا پراجیکٹ میں شراکت داری کیلئے ایم او یو پر دستخط کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ معاہدہ کے تحت فریقین نیو بلیو ایریا میں ہائی رائز بلڈنگ کے پراجیکٹ 16 سینا میں مشترکہ سرمایہ کاری کرینگے۔عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ہمارا مقصد ایک ساتھ مل کر انفراسٹرکچر کی ترقی، جدت، سرمایہ کاری اور سیاحت کو فروغ دینا اور پاکستان ترقی و خوشحالی کیلئے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے مرتضی ہاشوانی اور پورے ہاشو گروپ کو اس تاریخی اقدام پر اعتماد اور تعاون کے لیے تہہ دل سے خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کے بعد وفد نے 16 سینا پراجیکٹ کا دورہ کیا اور منصوبہ کا باضابطہ افتتاح کیا گیا۔قبل ازیں ایم او یو پر دستخط کی تقریب فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس ایند انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی ) کیپٹل آفس میں منعقد ہوئی۔ صدر ایف پی سی سی آئی، سینئر نائب صدر سارک سی سی آئی عاطف اکرام شیخ اور ہاشو گروپ کے ریئل اسٹیٹ ڈویژن کے سی ای او شاکر بھورا نے ایم او یو پر دستخط کئے۔

تقریب میں سی ای اوہاشو گروپ مرتضی ہاشوانی، ریئل اسٹیٹ ڈویژن کے سی ای او شاکر بھورا، چیف آپریٹنگ آفیسر سید سلیمان طاہر، چیف فنانشل آفیسر محمد فیضان، چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کریم عزیز ملک، چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل حسین، ای سی ممبر سارک سی سی آئی ظل ہما، سنیئر نائب صدر ہری پور چیمبر ارحم اکرام شیخ، ایاز ملک اور رحیم اکرام شیخ سمیت دیگر کاروباری رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔