2026 کے دوران ترقی پذیر ممالک کےلئے ریکارڈ 112 ارب ڈالر نجی سرمایہ متحرک کیا ، عالمی بینک

عالمی بینک گروپ نے مالی سال 2026 کے دوران ترقی پذیر ممالک کےلئے ریکارڈ 112 ارب ڈالر کا نجی سرمایہ متحرک کیا۔

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):عالمی بینک گروپ نے مالی سال 2026 کے دوران ترقی پذیر ممالک کےلئے ریکارڈ 112 ارب ڈالر کا نجی سرمایہ متحرک کیا۔ بینک کے مطابق گروپ کی اپنی فنانسنگ کو شامل کیا جائے تو مالی سال کے دوران ترقی پذیر معیشتوں کے لئے مجموعی فنانسنگ اور متحرک سرمایہ 200 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا۔ مالی سال 2022 میں نجی شعبے سے متحرک کیا گیا سرمایہ 35 ارب ڈالر تھا جو مالی سال 2026 میں بڑھ کر 112 ارب ڈالر ہوگیا۔ کم متوسط آمدنی والے ممالک کےلئے متحرک نجی سرمایہ 14 ارب ڈالر سے بڑھ کر 37 ارب ڈالر، جبکہ بالائی متوسط آمدنی والے ممالک کےلئے 12 ارب ڈالر سے بڑھ کر 50 ارب ڈالر ہوگیا۔ افریقا میں یہ سرمایہ 9 ارب ڈالر سے بڑھ کر 22 ارب ڈالر ہوگیا جبکہ کم آمدنی والے ممالک میں تقریباً 3 ارب ڈالر کی سطح برقرار رہی۔ رپورٹ کے مطابق عالمی بینک گروپ نے مالی سال 2026 میں 25 ارب ڈالر سے زائد کی ضمانتیں جاری کیں، ضمانتی سہولیات میں عالمی بینک گروپ گارنٹی پلیٹ فارم نے اہم کردار ادا کیا جسے 2024 میں سرمایہ کاروں اور صارفین کو مختلف ضمانتی مصنوعات تک آسان رسائی فراہم کرنے کےلئے قائم کیا گیا تھا۔عالمی بینک گروپ کے صدر اجے بنگا نے کہا ہے کہ ادارے نے گزشتہ تین برس کے دوران نجی شعبے کے ساتھ کام کرنے کے طریقہ کار کو تیز، آسان اور مربوط بنایا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اصل مقصد صرف زیادہ سرمایہ متحرک کرنا نہیں بلکہ اسے ان معیشتوں تک پہنچانا ہے جہاں روزگار اور معاشی مواقع پیدا ہوسکیں۔عالمی بینک گروپ کے مطابق ترقی پذیر ممالک میں آئندہ 10 سے 15 سال کے دوران تقریباً 1.2 ارب نوجوان کام کرنے کی عمر کو پہنچیں گے جبکہ اس عرصے میں تقریباً 42 کروڑ ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ہے، ان ممالک میں ہر 10 میں سے 9 ملازمتیں نجی شعبہ پیدا کرتا ہے۔گروپ کی روزگار حکمت عملی میں بنیادی ڈھانچے اور توانائی، زرعی کاروبار، صحت، سیاحت اور ویلیو ایڈڈ مینوفیکچرنگ کو ترجیح دی گئی ہے، مالی سال 2026 میں گروپ کی مجموعی فنانسنگ کا 55 فیصد انہی شعبوں کےلئے مختص کیا گیا۔عالمی بینک گروپ نے کہا کہ نجی سرمایہ کاری اب صرف بڑی اور نسبتاً آسان منڈیوں تک محدود نہیں بلکہ کم آمدنی والی معیشتوں تک بھی پہنچ رہی ہے جہاں مقامی اور علاقائی سرمایہ کار عالمی سرمائے کے ساتھ مل کر کاروبار اور روزگار کے مواقع پیدا کررہے ہیں، بینک مزید ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کو ترقی پذیر ممالک میں سرمایہ کاری سے جوڑنے کےلئے اوریجینیٹ ٹو ڈسٹری بیوٹ پروگرام کو بھی وسعت دے رہا ہے