پاکستان مغربی ایشیا میں امن ثالث کا موثر کردار ادا کر سکتا ہے، میاں کاشف اشفاق
پاکستان مغربی ایشیا میں امن ثالث کا موثر کردار ادا کر سکتا ہے، میاں کاشف اشفاق

مزید خبریں
لاہور۔3مئی (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی متوازن خارجہ پالیسی،اہم علاقائی ممالک سے مضبوط تعلقات اور مذاکرات پر مبنی پالیسی کے باعث مغربی ایشیا میں موثر ثالث بن سکتا ہے۔وہ اتوار کو پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ صحافت،اسکول آف کمیونیکیشن اسٹڈیز کے طلبہ کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے،جس کی قیادت پروفیسر ڈاکٹر میاں حنان احمد سربراہ شعبہ کر رہے تھے۔
میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان کو خطے میں غیر جانبدار ملک سمجھا جاتا ہے جبکہ اقوام متحدہ امن مشنز میں پاکستانی افواج کا تجربہ بھی اس کی ساکھ کو مضبوط بناتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے،مذاکرات بڑھانے اور معاشی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت مغربی ایشیا میں دیرپا امن کے ضامن کے طور پر ابھرنے کا سنہری موقع رکھتا ہے،جس سے عالمی وقار،توانائی تحفظ اور اقتصادی شراکت داری کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔
میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ امریکا،اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارت کاری متحرک ہے اور ان کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بدلتی عالمی سیاسی صورتحال پاکستان کو نئی اسٹریٹجک اہمیت دے رہی ہے،جہاں وہ ایک "سوئنگ اسٹیٹ” کے طور پر مختلف طاقتوں کے درمیان متوازن کردار ادا کر سکتا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر میاں حنان احمد نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے بہترین موقع ہے کہ وہ ثالثی کے ساتھ ساتھ خطے میں مجموعی سیکیورٹی فراہم کرنے والے ملک کے طور پر سامنے آئے،تاہم سلامتی، خود مختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔قبل ازیں ڈاکٹر وقار چوہدری آرائیں،مشیر سی ای او چن ون نے وفد کا خیر مقدم کیا اور پاکستان فرنیچر کونسل کی سرگرمیوں، فرنیچر صنعت کے فروغ اور برآمدات بڑھانے کے اقدامات پر بریفنگ دی۔








