الیکشن کمیشن کے نئے ممبران کی تقرری کے لیے سید خورشید احمد شاہ کے ساتھ مل کر انتہائی ایماندار اور سیاسی وابستگیوں سے بالاتر افراد ڈھونڈے،وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

135

اسلام آباد ۔ 25 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے نئے ممبران کی تقرری کے لیے اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ کے ساتھ مل کر انتہائی ایماندار اور سیاسی وابستگیوں سے بالاتر افراد ڈھونڈے تاکہ کوئی ان پر انگلی نہ اٹھا سکے، پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے نئے ممبران کی تقرری کے حوالے سے ہم نے ذاتی جان پہچان کو سامنے نہیں رکھا، الیکشن کمیشن کے نئے ممبران کے لیے تحریک انصاف نے طارق کھوسہ کا نام دیا تھا اور ان کا نام زیر غور بھی آیا، طارق کھوسہ اچھے آدمی ہیں صرف ایک چیز کی وجہ سے ان کا نام فائنل نہیں ہو سکا اسلیے عمران خان کا گلہ ہم سے نہیں بنتا، انہوں نے کہا کہ ہم نے تو یہ عمل عید سے پہلے ہی شروع کر دیا تھا لیکن اپوزیشن نے کہا کہ عید کے بعد اس پر کام کریں گے، نئے الیکشن ممبران کی تقرری کے لیے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سے مکمل رابطے میں رہے اور انہوں نے اس معاملے میں انتہائی اہم کردار بھی ادا کیا ہے۔