لڑکیوں کو تعلیم سے محروم رکھنا کسی بھی ثقافت یا معاشرے میں جواز نہیں رکھتا ، ناخواندگی اور جہالت عورت کی پسماندگی غربت کی بڑی وجہ ہے، لڑکیوں کی تعلیم پر خرچ کرکے ماں اور بچے کی صحت میں بہتری لائی جا سکتی ہے جو خوشحالی کی طرف پہلا قدم ثابت ہو گا، چئیرپرسن این سی ایچ ڈی سینیٹر رزینہ عالم خان

217

اسلام آباد ۔ 28 جولائی (اے پی پی) لڑکیوں کو تعلیم سے محروم رکھنا کسی بھی ثقافت یا معاشرے میں جواز نہیں رکھتا ، ناخواندگی اور جہالت عورت کی پسماندگی کی بڑی وجہ ہے جو غربت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے جبکہ ہم لڑکیوں کی تعلیم پر اگر خرچ کریں گے تو ماں اور بچے کی صحت میں بہتری لائی جا سکتی ہے جو خوشحالی کی طرف پہلا قدم ثابت ہو گا۔ ان خیلات کا اظہار چئیرپرسن این سی ایچ ڈی سینیٹر رزینہ عالم خان نے یہاں این سی ایچ ڈی کی صوبائی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداران سے انتظامی امور پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں کی تعلیم خاص طور پر قوموں کی ترقی اور کامیابی کی کُنجی ہیں۔ تعلیم کے بغیر کوئی بھی قوم ترقی یافتہ قوموں کی صف میں شامل نہیں ہو سکتی۔ چھوٹی چھوٹی ریاستیں جیسا کہ سنگاپور ہے، ان کی قومی پیداوار 453 ارب اور فی کس آمدن 80,000 ڈالر ہے اور اسی طرح اگر ہم ملائیشیا کی بات کریں تو ان کی قومی پیداوار 800 ارب ڈالر اور فی کس آمدن 11,000 ڈالر ہے۔ اس کے برعکس ہمارا ملک جو 20 کروڑ کی آبادی پر مشتمل ہے اس کی قومی پیداوار صرف 270 ارب اور فی کس آمدن 1152 ڈالر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ قوم کا خواب اس وقت تک شرمندہ تعبیرنہیں ہو سکتا جب تک ہم شرح خواندگی 100 فیصد فنی تعلیم کے حصول کو فروغ نہیں دے دیتے۔ ان مقاصد کا حصول تب ہی ممکن ہو سکتا ہے جب ہم سب مل کر قوم کی ترقی میں اپنا کردار کریںاور این سی ایچ ڈی کے "Each one Teach one”جیسے پروگرواموں کو کامیاب کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ اجلاس میں سندھ سے حمیرا ہاشمی، پنجاب سے محمد ریاض، خیبر پختونخوا سے انور اقبال، بلوچستان سے سکندر جیلانی، گلگت بلتستان سے سید اکبر علی، آزاد جموں و کشمیر سے بلال بن حبیب اور اسلام آباد سے اقبال الرحمان شریف، جاوید اعظم، رائے ریاض حسین اور عابد حسین موجود تھے۔