اسلام آباد ۔ 28 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر دفاع، پانی وبجلی خواجہ محمد آصف سے اٹلی کے سفیر سٹیفانو پونٹی کورو نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی ہے۔اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور ، دو طرفہ تعلقات اور دفاع و توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے دستیاب مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت پانی و بجلی کے بیان کے مطابق اٹلی کے سفیر نے کہا کہ مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات بہترین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی کے سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاکستان ہر ملک کے ساتھ تعلقات میں استحکام کا خواہشمند ہے اور یہاں پر توانائی، دفاع، تجارت، سائینس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ توانائی کے شعبہ کو سرمایہ کاروں کیلئے زیادہ پرکشش بنایا گیا ہے تاکہ پانی اور کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو متوجہ کیا جا سکے جس سے ملک کی مستقبل کی توانائی ضروریات کو پورا کیا جا سکے گا۔