وفاقی وزیر برائے امورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر کا میرپور میں ان لینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کا اچانک دورہ

124

اسلام آباد ۔ 3 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے امورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے بدھ کو آزاد کشمیر کے شہر میرپور میں ان لینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر غیر حاضر ملازمین کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کمشنر ان لینڈ ریونیو کو ہدایت کی کہ غیر حاضر ملازمین سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے محکمہ کے افسران و ملازمین کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیکس کے حصول کو موثر، آسان اور کارآمد بنائیں اور ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کارویہ عوام دوست ہونا چاہیے تاکہ آزادکشمیر کے شہری بغیر کسی خوف و خطرے کے ٹیکس ڈیپارٹمنٹ تک رسائی حاصل کرتے ہوئے اور ٹیکس ادا کر کے اپنا قومی فریضہ سرانجام دے سکیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی بھی قوم کی معاشی خوشحالی کا دارومدار وہاں کی ٹیکس ٹوجی ڈی پی ریشو پر ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس کی وصولی کے طریقہ کار کو آسان بنا کر اس کے حصول میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکتا ہے جس کا براہ راست اثر آزادکشمیر کی معاشی صورت حال پر پڑے گا۔