آزادی کی تحریک اور دہشت گردی کے درمیان فرق واضح اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق انسانی حقوق کا احترام کیا جائے۔ وزیر داخلہ

147

اسلام آباد ۔ 4 اگست (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے آزادی کی تحریک اور دہشت گردی کے درمیان فرق واضح کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق انسانی حقوق کا احترام کیا جائے۔ جمعرات کو یہاں سارک کے وزراءداخلہ کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ بات بڑی ضروری ہے کہ آزادی کی جدوجہد اور دہشت گردی کے درمیان فرق واضح کیا جائے بالخصوص ایسے معاملہ پر جس پر سلامتی کونسل نے زور دیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا گیا، لوگوں کے بنیادی حقوق کا احترام ضروری ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نام پر آزادی کی جدوجہد کو نہیں دبانا چاہئے۔ وزیر داخلہ نے نہتے کشمیریوں کے خلاف بھارتی مظالم کا بالخصوص حوالہ دیا جو بھارت کے قبضہ کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ دہشت گردی کا ایک عالمی مسئلہ ہے اور یہ خطہ اس لعنت سے متاثر ہوا ہے تاہم اس صورتحال میں ایک دوسرے پر الزام تراشی کی بجائے مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور ہمارا یہ ٹھوس یقین ہے کہ الزام تراشی کی بجائے ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کی جائے، ہمیں مل بیٹھ کر مسائل کو حل کرنا چاہئے اور ایک دوسرے کے تحفظات کو دور کرنا چاہئے۔