اسلام آباد ۔ 10 اگست (اے پی پی) برطانیہ کی نئی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی پریٹی پاٹل نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں ملک کی اقتصادی ترقی پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان اور برطانیہ دیرینہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے اچھے اور دیرینہ سیاسی، اقتصادی اور سماجی تعلقات ہیں، برطانوی حکومت نے پاکستان کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ڈی ایف آئی ڈی کی پاکستان کیلئے معاونت کو سراہتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ برطانیہ کا بین الاقوامی ترقی کا ادارہ پاکستان کو تعلیم، تخفیف غربت، مالیاتی شمولیت، نیوٹریشن اور سماجی بہبود کے ترجیحی شعبوں میں معاونت فراہم کر رہا ہے، ہم اس تعاون کو مزید بڑھانے کے خواہشمند ہیں۔