وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ سکندر حیات خان بوسن کا پی اے آر سی اور پاکستان بائیو ٹیکنالوجی انفارمیشن سنٹر کے تعاون سے بائیو سیفٹی ٹیکنالوجی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

203

اسلام آباد ۔ 11 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ سکندر حیات خان بوسن نے پی اے آر سی اور پاکستان بائیو ٹیکنالوجی انفارمیشن سنٹر کے تعاون کے زیراہمتام شروع ہونے والی دو روزہ بائیو سیفٹی ٹیکنالوجی ورکشاپ کا افتتاح کیا۔ وفاقی وزیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ بائیو ٹیک کراپس ٹیکنالوجی میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ 20 سالوں کی کمرشلائزیشن یہ ظاہر کرتی ہے کہ بائیو ٹیکنالوجی وسیع تناظر رکھتی ہے اور بطور ٹیکنالوجی معاشی ماحولیاتی، سماجی اور صحت کےلئے فوائد رکھتی ہے اور فصلوں اور صنعتوں میں بائیو ٹیکنالوجی کے استعمال سے حاصل ہونے والے تیز رفتار فوائد ٹیکنالوجی کی اہمیت کو ظاہر کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے پاکستان کو درپیش مختلف چیلنجز کاذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو توانائی کابحران ، فوڈ سیکیورٹی اور شہروں کی طرف لوگوں کی تیزی سے منتقلی کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیوں اور 2050ءتک تیزی سے بڑھتی آبادی کے ساتھ پانی اور زمین کی کمی کا سامنا ہے۔