راولپنڈی ۔ 12 اگست (اے پی پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت جمعہ کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں اعلیٰ سطحی سیکورٹی اجلاس منعقد ہوا جس میں آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی‘ پرنسپل سٹاف آفیسرز اور کور کمانڈر راولپنڈی نے اجلاس میں شرکت کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ہمارے مقاصد کی کامیابیوں کیلئے نیشنل ایکشن پلان مرکزی حیثیت رکھتا ہے اور اس پر پیشرفت کا فقدان آپریشن ضرب عضب کے استحکام کے مرحلہ کو متاثر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک تمام رخ سے بامعنی کارکردگی کا مظاہرہ اور تمام تر خامیوں کو دور نہیں کیا جاتا تب تک دہشت گردی کی باقیات سر اٹھاتی رہیں گی اور طویل مدتی امن و استحکام کا خواب ادھورا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی سرزمین سے دہشت گردی کی اس لعنت کے خاتمہ کیلئے طویل عرصہ سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔