وفاقی وزیر پرویز رشید کی کراچی میں ڈان نیوز ٹی وی چینل کی وین پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت

191

اسلام آباد ۔ 18 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کراچی میں ڈان نیوز ٹی وی چینل کی وین پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ جمعرات کو جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ اس طرح کے حملے اظہار رائے کی آزادی پر حملہ کے مترادف اور حکومت کیلئے ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کی معاونت سے میڈیا سے وابستہ افراد کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت کو اس واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے۔ انہوں نے واقعہ میں زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔