وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر سے گفتگو

نیویارک ۔ 26 ستمبر (اے پی پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے 80 لاکھ مسلمان او آ ئی سی کی طرف دیکھ رہے ہیں، او آ ئی سی کو کشمیری عوام پر مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی۔ یہ بات انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر سے ملاقات کے دوران …

نیویارک ۔ 26 ستمبر (اے پی پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے 80 لاکھ مسلمان او آ ئی سی کی طرف دیکھ رہے ہیں، او آ ئی سی کو کشمیری عوام پر مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی۔ یہ بات انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال اور خطے میں امن و امان کو درپیش خطرات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے چوہترویں اجلاس کے دوران، او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس کے انعقاد پر سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ5 اگست کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ غیر قانونی اقدامات کے بعد مکہ میں او آئی سی رابطہ گروپ کا ہنگامی اجلاس بلانا اور نہتے کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھانا، بروقت اقدام تھا جس سے دنیا کی توجہ اس مسئلہ کی طرف مبذول ہوئی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے 80 لاکھ مسلمان او آئی سی کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ او آئی سی کو کشمیری مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کے خلاف مسلسل آواز بلند کرنا ہوگی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں قیام امن کیلئے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔