سیاسی مخالفین کی سازشوں کے باوجود پور ے ملک میں لازوال ترقی کا سفر جاری رہے گا، وفاقی وزیر چوہد ری محمد برجیس طاہر

134

ننکانہ صاحب سانگلہ ہل ،اسلام آباد۔ 20 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہد ری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کی سازشوں کے باوجود پور ے ملک میں لازوال ترقی کا سفر جاری رہے گا ۔انہوںنے یہ بات ہفتہ کو ضلع ننکانہ صاحب کی تحصیل شاہ کوٹ کے نواحی قصبے نظام پورہ میں ایک مقامی سڑک کی افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک طرف چند سیاسی عناصر آئے دن دھرنوں اور احتجاجی تحریکوں کی صورت میں ملک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں اور دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی حکومت محمد نواز شریف کی ترقی کے وژن کو عملی جامہ پہنانے میں شب وروز کام کررہی ہے۔ چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ وہ ملک جو 2013 میں ڈیفالٹ ہونے کے در پر تھا جہاں آئے روز ملک کی فضا ءافسوس ناک دھماکوں سے گونجتی تھی آج اسی ملک میں امن وامان کی صورت حال میں نمایاں بہتری آ چکی ہے اور دہشت گردی کے واقعات میں 80فیصد کمی ہو چکی ہے