طارق فاطمی کی او آئی سی کے رکن ممالک کے سفارتکاروں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں بریفنگ

اسلام آباد ۔ 22 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی نے پیر کے روز اسلام آباد میں مقیم او آئی سی کے رکن ممالک کے سفارتکاروں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی نے سفارتکاروں کو …

اسلام آباد ۔ 22 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی نے پیر کے روز اسلام آباد میں مقیم او آئی سی کے رکن ممالک کے سفارتکاروں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی نے سفارتکاروں کو بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں اور معصوم شہریوں کی شہادت کے بارے میں پاکستان کی شدید تشویش سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں بھارتی فوج نہتے کشمیریوں پر بلا امتیاز تشدد کر رہی ہے۔ انہوں نے سفارتکاروں کو او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے حالیہ دورہ پاکستان کے بارے میں بھی بتایا۔ دورے کے دوران سیکرٹری جنرل نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور معصوم شہریوں کی ہلاکت پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا تھا۔ طارق فاطمی نے وزیراعظم محمد نواز شریف کے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ خطوط کے تبادلے اور سیکرٹری جنرل کی طرف سے مذاکرات کے عمل میں سہولت فراہم کرنے کی پیشکش کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان کی طرف سے جموں و کشمیر کے تنازعے سمیت تمام دیرینہ تنازعات مذاکرات کے ذریعے پرامن طریقے سے حل کرنے کے پاکستانی عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں مقبوضہ کشمیر کے مسلمان اپنے مسلمان بھائیوں کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے رکن ممالک کو بھارت کے ظلم و تشدد کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے اور بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں خون کی ہولی روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

Leave a Reply