ہندوستان، کرتارپور راہداری سے اس قدر خائف ہے کہ اس نے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے ایودھیا کیس کا فیصلہ سنانے کیلئے آج کے دن کا دانستہ انتخاب کیا، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

اسلام آباد ۔ 09 نومبر (اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایودھیا کیس میں بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان، کرتارپور راہداری سے اس قدر خائف ہے کہ اس نے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے ایودھیا کیس کا فیصلہ سنانے کیلئے آج کے دن کا دانستہ انتخاب کیا۔ بھارت کی حکومت پورے ملک کو تعصب کی آگ میں …

اسلام آباد ۔ 09 نومبر (اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایودھیا کیس میں بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان، کرتارپور راہداری سے اس قدر خائف ہے کہ اس نے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے ایودھیا کیس کا فیصلہ سنانے کیلئے آج کے دن کا دانستہ انتخاب کیا۔ بھارت کی حکومت پورے ملک کو تعصب کی آگ میں دھکیلنا چاہتی ہے۔ اس فیصلے کیلئے آج کے دن کا انتخاب معنی خیز ہے۔ ہفتہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر آج بھی کرفیو کے تابع ہے لیکن مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یکطرفہ اقدامات کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر درخواستوں کو بھی مناسب اہمیت نہیں دی جا رہی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ میرے خیال میں بھارتی سپریم کورٹ نے بے حسی کا مظاہرہ کیا ہے اور آج کے دن ایک نئی بحث کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مسلمانوں کو عدم تحفظ کا شکار کر دیا گیا ہے۔ پاکستان نے محبتوں کی راہداری کا آغاز کیا ہے جبکہ مودی سرکار کی سیاست نفرتوں کی سیاست ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ آج کوئی بھی کشمیری 5 اگست کے بھارتی اقدام کو ماننے کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014ءمیں بی جے پی نے اعلان کیا کہ وہ بابری مسجد کی تاریخی حیثیت کو ختم کر کے وہاں رام مندر تعمیر کریگی اور اسی ہندتوا منشور پر سیاسی عروج دیکھا اور پھر پلوامہ واقعہ کو بہانہ بنا کر اپنی گرتی ساکھ کو بچانے اور الیکشن جیتنے کے لیے استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات کا بے حد افسوس ہے کہ آج سکھوں کی خوشیوں کے رنگ میں بھنگ ڈالی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ ہندوستان کی تنگ نظری کا منہ بولتا ثبوت ہے آج گاندھی کا ہندوستان دفن ہو چکا ہے آج مودی اور آر ایس ایس کا ہندوستان ہے۔

مزید خبریں