وزیراعظم محمد نوازشریف کی آزاد جموں و کشمیر کے نو منتخب صدر مسعود خان سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 26 اگست (اے پی پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں جدوجہد آزادی کیلئے اپنی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے یہ بات آزاد جموں و کشمیر کے نو منتخب صدر مسعود خان سے جمعہ کو گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے مسعود خان ،جو سابق ممتاز سفارتکار ہیں اور اقوام متحدہ میں مستقل مندوب کی حیثیت سے …

اسلام آباد ۔ 26 اگست (اے پی پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں جدوجہد آزادی کیلئے اپنی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے یہ بات آزاد جموں و کشمیر کے نو منتخب صدر مسعود خان سے جمعہ کو گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے مسعود خان ،جو سابق ممتاز سفارتکار ہیں اور اقوام متحدہ میں مستقل مندوب کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں، سے گفتگو کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ کشمیر کاز کی وکالت کرینگے کیونکہ اب وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے آزادی کے نصب العین کی بہتر وکالت کیلئے ایک وسیع تر پلیٹ فارم کے حامل ہیں۔ وزیراعظم نے مسعود خان کو ان کے انتخاب پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نو منتخب صدر اپنے وسیع تر تجربے کو آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بروئے کار لائیں گے۔ وزیراعظم نے مسعود خان کو مخاطب ہوئے کہا کہ ”آپ کی موجودہ آئینی ذمہ داریاں، آپ کے پیشہ وارانہ کیریئر کے دوران انجام دیئے جانے والے فرائض سے کہیں بڑھ کر ہیں۔ ہم توقع رکھتے ہیں کہ آپ منتخب حکومت کو بہتر اسلوب حکمرانی، اداروںکے استحکام اور آزاد کشمیر کے عوام کی سماجی و اقتصادی حالت بہتر بنانے کے حوالے سے رہنمائی مہیا کرینگے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیںکہ صدر آزاد کشمیر کا عہدہ راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں منتخب حکومت کو صحت و تعلیم کے اہم شعبوں میں اصلاحات متعارف کروانے میں معاون ثابت ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کی حکومت کو علاقے کے عوام کی خدمت کی کاوشوں میں زیادہ سے زیادہ حمایت فراہم کرے گی، ہم عوام کی خدمت پر پختہ یقین رکھتے ہیں اور آزاد کشمیر تک بھی اپنے ترقیاتی ایجنڈے کو وسعت دینگے۔

Leave a Reply