اسلام آباد ۔ 11 نومبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ حکومت نواز شریف کے علاج کیلئے باہر جانے میں کسی سطح پر رکاوٹ نہیں ڈال رہی، عدالت نے انہیں میڈیکل بورڈ کی سفارش پر ضمانت دی ہے تو ہم چاہتے ہیں کہ وہ علاج کیلئے باہر جائیں۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے …
حکومت نواز شریف کے علاج کیلئے باہر جانے میں کسی سطح پر رکاوٹ نہیں ڈال رہی، معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 11 نومبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ حکومت نواز شریف کے علاج کیلئے باہر جانے میں کسی سطح پر رکاوٹ نہیں ڈال رہی، عدالت نے انہیں میڈیکل بورڈ کی سفارش پر ضمانت دی ہے تو ہم چاہتے ہیں کہ وہ علاج کیلئے باہر جائیں۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف سیاسی رہنما ہیں اگر وہ واپس نہ آئے تو یہ سیاسی خودکشی ہو گی، عدالت نے بھی انہیں 8 ہفتے کا ریلیف دیا ہے اگر وہ علاج کے بعد واپس نہیں آتے تو یہ توہین عدالت تصور ہو گا لیکن انہیں پھر بھی دوبارہ ضمانت کیلئے پاکستان آنا ہو گا، امید ہے کہ وہ صحت یاب ہو کر دوبارہ عدالتوں کا سامنا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر دینا غلط ہے کہ حکومت کی نواز شریف سے کوئی ڈیل ہوئی ہے، حکومت انسانی بنیادوں پر انہیں ریلیف دے رہی ہے، چاہتے ہیں کہ نواز شریف کی طرح عام قیدیوں کو بھی سہولیات ملیں، قیدیوں کی کلاس بی اور سی ختم ہونی چاہیے۔ مریم نواز کے باہر جانے کے بارے سوال کے جواب میں عثمان ڈار نے کہا کہ مریم نواز صرف تیمارداری کی بنیاد پر باہر نہیں جا سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ جس جس نے بھی کرپشن کی ہے حکومت قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لانے کیلئے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی اور ہم لوٹی دولت واپس لا کر دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 35 سالوں میں بری طرح سے قومی اداروں کو تباہ کیا گیا اور ہم انہیں ٹھیک کرنے کیلئے اصلاحات کر رہے ہیں اور اس میں ابھی مزید وقت لگے گا۔








