اسلام آباد ۔ 13 ستمبر (اے پی پی)وزیر اعظم محمد نواز شریف نے قوم کو عیدالاضحی کی مبارکبا د پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہعیدالاضحیٰ کے پر مسرت موقع پرمیں پاکستان اوردُنیا بھر میں بسنے والے فرزندانِ اسلام بالخصوص کشمیری عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتاہوں۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے ایک بار پھر یہ مبارک موقع عطا فرمایا۔ میں دعا کرتا ہوں کہ آپ سب کی …
وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قوم کو عیدالاضحی کی مبارکبا د

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 13 ستمبر (اے پی پی)وزیر اعظم محمد نواز شریف نے قوم کو عیدالاضحی کی مبارکبا د پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہعیدالاضحیٰ کے پر مسرت موقع پرمیں پاکستان اوردُنیا بھر میں بسنے والے فرزندانِ اسلام بالخصوص کشمیری عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتاہوں۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے ایک بار پھر یہ مبارک موقع عطا فرمایا۔ میں دعا کرتا ہوں کہ آپ سب کی زندگی میں اس طرح کی خوشی کے مواقع بار بار آتے رہیں۔وزیر اعظم نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ عیدالاضحی حضرت ابراہیم علیہ السّلام کی اطاعت اور حضرت اسماعیل علیہ السّلام کی تسلیم و رضا کی یادگار ہے۔خانوادہ ابراہیم نے اپنے پروردگار کی خوشنودی کے لیے دُنیا کے ہر رشتے کوقربان کیا اور ہر موقع پراللہ تعالیٰ کی رضا کو ترجیح دی۔اس کا نقطہ ءعروج بیٹے کی قربانی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے باپ اور بیٹے کی اس ادا کو اس طرح شرفِ قبولیت بخشا کہ اسے حج کے مناسک کا حصہ بنا دیا اورمسلم معاشرے کے لیے لازم کر دیا کہ وہ اس روایت کو زندہ رکھیں۔ سیدنا ابراہیم نے اپنے طرزِ عمل سے دنیا کو یہ بتایا کہ قربانی اپنے آپ کو اعلیٰ انسانی مقاصد کے لیے وقف کر دینے کا نام ہے۔ افراد کی قربانی ہی معاشرے اور قوم کو زندہ رکھتی ہے۔ یہی وہ سبق ہے جو قربانی کے ذریعے دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہآج عید کے دن ہم کشمیری عوام کی قربانیوں کو بھی فراموش نہیں کر سکتے۔ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے بھارتی ظلم و جبر کے آگے اپنی تیسری نسل قربان کر چکے ہیں۔ ہم اپنی یہ عید کشمیری عوام کی ان کی لازوال قربانیوں کے نام کرتے ہیں اور آنے والی تمام عیدیں کشمیریوں کے نام تب تک کرتے رہیں گے جب تک مسئلہ کشمیر کو انکی امنگوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا۔








