صدر مملکت کی جنوبی ایشیائی ممالک کی تنظیم ”سارک“ کے مندوبین سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ہر قسم کے دباﺅ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے کام کرنا ضروری ہے کیونکہ کرپشن ایک عالمی مسئلہ ہے جس پر تمام ممالک کو مل کر حکمت عملی بنانا ہو گی۔ انہوں نے یہ بات پیر کو جنوبی ایشیائی ممالک کی تنظیم ”سارک“ کے مندوبین سے گفتگو کے دوران …

اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ہر قسم کے دباﺅ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے کام کرنا ضروری ہے کیونکہ کرپشن ایک عالمی مسئلہ ہے جس پر تمام ممالک کو مل کر حکمت عملی بنانا ہو گی۔ انہوں نے یہ بات پیر کو جنوبی ایشیائی ممالک کی تنظیم ”سارک“ کے مندوبین سے گفتگو کے دوران کہی جس میں بھوٹان ، بھارت ، مالدیپ، نیپال اور سری لنکا کے علاوہ دیگر رکن ممالک کے مندوبین بھی شریک تھے۔ یہ وفد قومی احتساب بیورو (نیب ) کے زیر اہتمام کرپشن کے خاتمے کے لئے منعقد کئے جانے والے سیمینار میں شرکت کے لئے پاکستان کے دورے پر ہے۔ ملاقات میں چیئرمین قومی احتساب بیورو قمر زمان چوہدری اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ جنوبی ایشیائی خطہ اقتصادی صلاحیت اور وسائل کے اعتبار سے ایک اہم خطہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پزیر ممالک میں بد عنوانی کی وجہ سے وسائل کا ضیاع تشویشناک ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ غربت کے خاتمے اور سارک ممالک کے عوام کی ترقی کے لیے بدعنوانی کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بدعنوان عناصر کو ضرور پکڑا جائے لیکن ان کے خلاف کیے جانے والے اقدامات کے دوران اختیارات کا استعمال احتیاط سے کیا جائے تاکہ بے قصور لوگ نشانہ بننے سے محفوظ رہیں۔

مزید خبریں

Leave a Reply