وزیراعظم محمد نواز شریف کا وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب

اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے دو ٹوک طور پر کہا ہے کہ کسی جارحیت یا لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی صورت میں پاکستان اپنے عوام اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے گا، پوری قوم بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دفاع وطن کےلئے قوم کا بچہ بچہ تیار ہے، کسی کو پاکستان کی …

اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے دو ٹوک طور پر کہا ہے کہ کسی جارحیت یا لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی صورت میں پاکستان اپنے عوام اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے گا، پوری قوم بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دفاع وطن کےلئے قوم کا بچہ بچہ تیار ہے، کسی کو پاکستان کی سرزمین پر میلی نگاہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، امن کیلئے پاکستان کے عزم کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجود صورتحال اور لائن آف کنٹرول پر بھارت کی طرف سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنی توانائیاں عوام کی فلاح وبہبود اور تعمیر و ترقی پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں، غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ اورعوامی ترقی و خوشحالی کی منزل حاصل کرنا ہمارا عزم ہے جس کےلئے ہم سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان مقاصد کے لئے امن چاہتے ہیں لیکن میں یہ بھی واضح کردوں کہ دفاع وطن کےلئے قوم کا بچہ بچہ تیار ہے، پوری قوم بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، کسی کو پاکستان کی سرزمین پر میلی نگاہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کی مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری بربریت اورجارحیت ناقابل قبول ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، بھارتی افواج کے مظالم کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کچل نہیں سکتے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت علاقائی امن و سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت اور عوام کسی بھی بھارتی جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کے اپنے عزم میں متحدہ ہیں کابینہ نے وزیر اعظم کے ہمراہ یک آواز ہوکر بھارت کے ”سرجیکل سٹرائیک “ کے دعووں کا یکسر مسترد کر دیا ۔ بھارتی قابض افواج نے دوطرفہ انتظامات اور بین الاقوامی قانون کے تحت بھارت کے وعدوں کی مکمل خلاف ورزی کر تے ہوئے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی ۔

مزید خبریں

Leave a Reply