اسلام آباد ۔ 4 اکتوبر (اے پی پی) بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو منگل کو تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے نور خان ایئر بیس پر معزز مہمان اور ان کے وفد کا والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو وزیراعظم محمد نواز …
بیلاروس کے صدر منگل کو تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے
مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 4 اکتوبر (اے پی پی) بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو منگل کو تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے نور خان ایئر بیس پر معزز مہمان اور ان کے وفد کا والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو وزیراعظم محمد نواز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، ان کے وفد میں بیلا روس کے نائب وزیراعظم، خارجہ امور، صنعت،زراعت، تعلیم، ٹیکسیشن اور ریونیو کے 5 وزراءسمیت اعلیٰ حکام شامل ہیں، معزز مہمان کا 16 ماہ کے دوران پاکستان کا یہ دوسرا اور اعلیٰ سطح کے وفد کا تیسرا دورہ ہے۔ وہ اپنے دورے کے دوران صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم محمد نواز شریف، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ توقع ہے کہ معزز مہمان کے اسلام آباد میں قیام کے دوران متعدد اہم معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو اور وزیراعظم محمد نواز شریف مشترکہ بزنس و سرمایہ کاری فورم کا افتتاح بھی کریں گے۔ گزشتہ دو سال کے دوران پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تعلقات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ بیلاروس کے صدر کا یہ دورہ ان بڑھتے ہوئے تعلقات کا اظہار ہے اور اس سے مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔








