پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتوں کا اتحاد مفادات پر مبنی ہے،سینیٹرفیصل جاوید

اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل سیاسی جماعتوں کا اتحاد مفادات پر مبنی ہے، یہ لوگ اپنی چوری اور کرپشن بچانے کیلئے اکٹھے ہوئے تھے، جب سب کے مفادات سامنے آئے ہیں تو ایک ایک کر کے ان کے تحفظات بھی سامنے آ رہے ہیں، اس میں حیرانگی کی …

اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل سیاسی جماعتوں کا اتحاد مفادات پر مبنی ہے، یہ لوگ اپنی چوری اور کرپشن بچانے کیلئے اکٹھے ہوئے تھے، جب سب کے مفادات سامنے آئے ہیں تو ایک ایک کر کے ان کے تحفظات بھی سامنے آ رہے ہیں، اس میں حیرانگی کی کوئی بات نہیں ہے، مولانا فضل الرحمان ہر حکومت کی بس میں بیٹھتے رہے ہیں، پہلی مرتبہ اسمبلی اور نظام سے باہر ہونے پر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتیں ذاتی مفادات کو تحفظ دینے اور اپنے قائدین کی لوٹی ہوئی غیرقانونی دولت بچانے کیلئے نکلی ہوئی ہیں اسلئے عوام نے انہیں مسترد کر دیا، جو چیز ذاتی مفادات پر مبنی ہو وہ دیرپا نہیں ہوتی، پی ڈی ایم میں پھوٹ پڑنی ہی تھی کیونکہ ان کا کوئی کاز نہیں ہے۔ فیصل جاوید نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے شروع سے ہی بلیک میلنگ کی سیاست کی اسی لئے ہر حکومت کی بس میں بیٹھتے آئے ہیں، سابق جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں بھی انہوں نے ذاتی مفادات کیلئے جو کچھ کیا وہ قوم جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پہلی مرتبہ اسمبلی اور نظام سے باہر ہیں اسلئے ان کا بس نہیں چل رہا اور بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، اگر آج وزیراعظم عمران خان انہیں کوئی عہدہ دے دیں تو وہ حکومت کے خلاف تحریک ختم کر دیں گے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سندھ حکومت پر دباﺅ ڈال کر اپنی مرضی کی چیزیں کروانا چاہ رہے ہیں اور وہ پی ڈی ایم کو بلیک میلنگ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا ایک ہی مشن ہے کہ کسی نہ کسی طرح سے ان کے کیسز ختم ہوں اور وزیراعظم عمران خان انہیں این آر او دے دیں جو تحریک انصاف کے دور حکومت میں ممکن نہیں ہے۔