پی ڈی ایم کا بیانیہ زمین بوس ہو گیاہے،قومی خزانے کو لوٹنے میں ملوث عناصر کا احتساب ہو گا اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی،وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا

اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا بیانیہ زمین بوس ہو گیا ہے، اپوزیشن جماعتیں استعفوں کے بارے سنجیدہ نہیں ہیں اور لانگ مارچ کی تاریخیں بھی بڑھاتی رہیں گی، حکومت اپوزیشن کے استعفوں کیلئے تیار بیٹھی ہے، یہ لوگ استعفے دیں ہم فوراً قبول کرکے ضمنی انتخابات کرائیں گے، جو لوگ بھی قومی …

اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا بیانیہ زمین بوس ہو گیا ہے، اپوزیشن جماعتیں استعفوں کے بارے سنجیدہ نہیں ہیں اور لانگ مارچ کی تاریخیں بھی بڑھاتی رہیں گی، حکومت اپوزیشن کے استعفوں کیلئے تیار بیٹھی ہے، یہ لوگ استعفے دیں ہم فوراً قبول کرکے ضمنی انتخابات کرائیں گے، جو لوگ بھی قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹنے میں ملوث رہے ہیں ان کا احتساب ہو گا اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے اسرائیل سے تعلقات کے حوالے سے موجودہ حکومت کے خلاف پروپیگنڈا چلایا، ن لیگ نے اپنے دور حکومت میں اسرائیل کے ساتھ بیک ڈور ڈپلومیسی کرنے کی کوشش کی، مریم نواز نے ٹویٹ کے ذریعے اصلیت قوم کے سامنے رکھی لیکن حقیقت کھلتے ہی انہوں نے ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی، لیگی قائدین کو کرپشن اور لوٹی ہوئی غیرقانونی دولت کے ساتھ ساتھ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کا بھی قوم کو حساب دینا ہو گا۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان وزیراعظم عمران خان سے استعفی لینے کیلئے نکلے تھے لیکن انہیں اپنی جماعت کے لالے پڑ گئے ہیں، ان کی اپنی جماعت کے لوگ ان کی کرتوتیں بتا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اقتدار کے حصول اور ذاتی مفادات کو تحفظ دینے کیلئے استعفوں کا ڈرامہ کر رہی ہیں، پہلے کہا تھا کہ یہ استعفے نہیں، ڈرامہ ہے، آصف علی زرداری جمہوریت کے حق میں فیصلہ کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی صوبائی حکومت نے باقی تمام جماعتوں کو اپنے پیچھے لگایا ہوا ہے جو اس کی بڑی کامیابی ہے، مریم نواز سے پیپلزپارٹی زندہ باد کا نعرہ لگانے پر پیپلزپارٹی کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے حوالے سے فتویٰ جاری کیا اور پھر ان کے ساتھ حکومت میں شامل ہو گئے، اسی طرح نواز شریف کو بھارتی ایجنٹ کہا اور بعد میں ان کی حکومت کا حصہ بنے، سابق جنرل (ر)پرویز مشرف کو آمر کہا پھر ان کے ساتھ بھی حکومت میں رہے، یہ واحد حکومت ہے جو ان کے بغیر چل رہی ہے اسلئے وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک میں دو جماعتی نظام توڑا ہے اسلئے اپوزیشن جماعتوں کو تکلیف ہو رہی ہے، اپوزیشن جماعتیں چاہتی ہیں کہ یہ کسی نہ کسی طریقے سے دوبارہ اقتدار میں آ جائیں، قوم اب ان کے دھوکے میں نہیں آئے گی اور ان لوگوں کو کبھی بھی دوبارہ ملک کو لوٹنے کا موقع نہیں ملے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 4 سال پہلے 18ویں ترمیم میں خامیوں کے ایشو کو اٹھایا تھا، اس میں موجود خامیوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔