وفاقی وزیر تجارت کی اوسلو میں وزراءتجارت کے سلیکٹ گروپ کے اجلاس شرکت

104

اسلام آباد ۔ 24 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے ترقی پذیر ممالک کی یورپی مارکیٹوں تک رسائی اور عالمی تجارتی تنظیم میں چھوٹے پیمانے کے کاروبار اور ای کامرس پر زور دیا ہے۔ انہوں نے یہ مطالبہ ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں وزراءتجارت کے سلیکٹ گروپ کے اجلاس میں کیا جس میں عالمی برادری کے 164 اراکین میں سے 25 اراکین کو مدعو کیا گیا تھا۔ اس اجلاس میں بڑی بڑی معیشتوں والے ممالک چین یورپی یونین، یوایس اے، برازیل، میکسیکو، سوئٹزرلینڈ، انڈونیشیائ، جاپان، بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ کینیا، کوریا، ارجنٹائن اور پاکستان کے وزراءتجارت نے نمائندگی کی۔ انجینئر خرم دستگیر خان نے اجلاس میں پاکستانی کسانوں اور زرعی کمیونٹی خصوصاً کپاس کے کاشتکاروں کو درپیش مسائل اٹھائے اور کپاس کے کاشتکاروں کےلئے ماحول ساز گار بنانے کا مطالبہ کیا اور ترقی یافتہ ممالک سے زرعی زراعانت کی فراہمی کا معاملہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے چھوٹے اور درمیانے درجہ کے کاروباری حضرات کو خصوصی سہولیات دینے اور ای کامرس کا مطالبہ بھی کیا۔