وفاقی وزیر داخلہ کا نیشنل پولیس اکیڈمی میں تقریب سے خطاب

106

اسلام آباد ۔ 25 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پہلے دہشت گرد اندر سے حملے کرتے تھے‘ اب سرحد پار سے کارروائی کرتے ہین‘ ہمیں ہر وقت الرٹ رہنا ہے‘ دہشت گردوں کے تانے بانے سرحد پار ملتے ہیں لیکن انٹیلی جنس اور سیکورٹی اداروں کو یہ ثابت کرنا ہے۔ اگر سکیورٹی میں کوتاہی ہوئی ہے تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ منگل کو یہاں نیشنل پولیس اکیڈمی میں اے ایس پیز کی پاسنگ آﺅٹ تقریب سے خطاب اور بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاس آﺅٹ ہونے والے اے ایس پیز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پاس آﺅٹ ہونے والے پولیس افسران کی زندگی کے اہم دن کے موقع پر وہ ان کے ساتھ تو شریک ہیں لیکن دوسری جانب آج تمام پاکستانیوں کے لئے یہ دکھ اور افسوس کی گھڑی بھی ہے کیونکہ کوئٹہ میں ایک اندوہناک اور المناک سانحہ پیش آیا ہے جس میں کئی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے اور کوئٹہ کے عوام ایک جانب شہداءکی میتیں اٹھا رہے ہیں اور دوسری جانب زخمیوں کی دیکھ بھال میں مصروف ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردوں کا کام روزمرہ کے امور میں خلل ڈالنا ہے اس لئے دکھ اور افسوس کو ایک طرف رکھ کر انہوں نے اس پروگرام میں شرکت کا فیصلہ کیا اور اس تقریب کے بعد انہیں کوئٹہ روانہ ہونا ہے۔ انہوں نے پاس آﺅٹ ہونے والے افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج عملی زندگی میں داخل ہو رہے ہیں۔