وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کی وفد سے گفتگو

125

اسلام آباد ۔ 27 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستانی اور چینی صنعتکاروں کو مل کر کام کرنا چاہئے تاکہ سی پیک کی صورت میں ملنے والے موقع سے فائدہ اٹھا کر ملک میں غربت کا خاتمہ اور پائیدار ترقی ممکن بنائی جاسکے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارچین کے شہر بیجنگ میں ون ببلٹ ون روڈ انٹر پرینور سمٹ میں شرکت کیلئے جانے والے پاکستانی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت پراجیکٹ ڈائریکٹرسی پیک میجر جنرل (ر) ڈاکٹر ظاہر شاہ کررہے ہیں اور اس میں چاروں صوبوں ، فاٹا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے بزنس کمیونٹی کے نمائندے شامل ہیں۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا حکومت سڑکوں و ریلویز کا جال بچھارہی ہے، ائر پورٹس اور بندرگاہیں بن رہی ہیں، ملک میں بننے والے اس انفراسٹرکچرسے فائدہ اٹھا کرپاکستانی کمپنیوں کو چین کے ساتھ مل کر مشترکہ کوششوں کا آغاز کرنا چاہئے۔