
اسلام آباد ۔ 28 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان کسان اتحاد کے چار رکنی وفد نے خالد محمود کھوکھر کی زیر قیادت جمعہ کو یہاں وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی سکندر حیات خان بوسن اور وزیراعظم کے سیکرٹری فواد حسن فواد بھی موجود تھے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کسانوں کی فلاح و بہبود چاہتے ہیں، موجودہ حکومت نے وزیراعظم کے کسان پیکیج سمیت زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے تاریخی اقدامات کئے ہیں، حکومت عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کے تناظر میں زرعی شعبہ کی مشکلات سے آگاہ ہے۔ انہوں نے وفد پر زور دیا کہ وہ جدید مشینری کے استعمال سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کو یقینی بنائیں، حکومت کسانوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔