امریکی صحافی گلین بیک کا افغانستان سے ہزاروں افراد کے انخلاء میں کردار ادا کرنے پر وزیراعظم عمران خان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین

118

اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):امریکا کے سیاسی کمنٹیٹر، ریڈیو اور ٹی وی میزبان گلین بیک نے افغانستان سے ہزاروں افراد کے انخلاء میں مدد دینے کے لیے بروقت متحرک کردار ادا کرنے پر وزیراعظم عمران خان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔اپنے بیان پر مبنی خط اور ٹویٹس میں امریکی صحافی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران کی انسانیت کو سیاست سے پہلے رکھنے کی قیادت، عقائد کے درمیان بین المذاہب تعاون کی ایک عظیم مثال ہے، جو انسانی ہمدردی کی مشترکہ قدر پر مبنی ہے، ہم نے مزار شریف سے غیر ملکیوں کے انخلا کے لیے دنیا بھر کے لیڈروں ، سیاسی رہنماؤں اور سول سوسائٹی سے مدد طلب کی لیکن ہر طرف خاموشی چھائی رہی ۔

صرف پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ہماری درخواست پر فوری ردعمل ظاہر کیا اور مدد د ینے پر رضامندی ظاہر کی ۔ اگر ان غیر ملکیوں کو جنگ زدہ ملک میں چھوڑ دیا جاتا تو ان کی موت کا خدشہ تھا ۔ وزیراعظم عمران خان نے رنگ و نسل ، مذہب اور ثقافت کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بلا ہچکچاہٹ بے گناہ لوگوں کو بچانے میں قائدانہ کردار ادا کیا ۔ کسی دوسرے عالمی لیڈر نے اپنا اثر و رسوخ استعمال کر کے لوگوں کو بچانے کی کوشش نہیں کی ۔

وزیراعظم عمران خان نے ہماری درخواستوں پر فوری طور پر اپنے لوگوں کو ہدایت کی کہ وہ مزار شریف میں تین طیاروں میں پھنسے افراد کے انخلا کے لیے اقدامات کریں ۔ جن میں سے پہلے سے امریکی شہری تھے ۔ پاکستان کے سول اداروں اور فوج کی انتھک کوششوں اور طالبان کے مثبت رویے کے باعث ان لوگوں کا انخلا ممکن ہوا۔ گلین بیک نے کہا کہ دوسرے ذرائع ابلاغ کے اپنے ایجنڈے ہو سکتے ہیں جس کے باعث وہ کچھ روز سے پاکستانی وزیراعظم پر تنقید کررہے ہیں لیکن لوگوں کی زندگیاں بچانے کے سلسلے میں ان کی کاوشوں کو تسلیم کیا جانا چاہیئے ۔ گلین بیک نے کہا کہ پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ امریکہ کا اچھے اور برے وقت کا ساتھی ہے ۔

وزیر اعظم عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے گلین بیک نے کہا کہ وزیر اعظم عمران کی انسانیت کو سیاست سے پہلے رکھنے کی قیادت، عقائد کے درمیان بین المذاہب تعاون کی ایک عظیم مثال ہے، جو انسانی ہمدردی کی مشترکہ قدر پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی میڈیا کے بعض حلقوں کی حالیہ تنقید کے باوجود پاکستان ایک مرتبہ پھر امریکا کے لیے ایک سچا اور قابل قدر شراکت دار ثابت ہوا ہے۔

گلین بیک نے لکھا کہ ہم آنے والے ہفتوں میں مزید تعاون کے منتظر ہیں کیونکہ ہم اس انسانی بحران کے دوران بے گناہ افراد کی حفاظت کے اپنے مشترکہ ہدف کو جاری رکھے ہوئے ہیں،امریکا کو اس موقع پر پاکستان کی معاونت کو تسلیم کرنا چاہیے، ہم اس تعاون کو فراموش نہیں کریں گے جنہوں نے کسی وقفے یا ردعمل کے بغیر مدد کی جس کی وجہ سے امریکا اور اس کے اتحادی اپنے وعدوں کو پورا کرنے کے قابل ہوسکے۔

امریکی میزبان نے کہا کہ ہم نے دیگر کوئی عالمی رہنما نہیں دیکھا، جس نے انسانیت کو سیاست سے اوپر رکھتے ہوئے معصوم افراد کو بچانے کے لیے اپنی پوزیشن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایسا قدم اٹھایا ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کا انداز بہت مہربان رہا ہے اور انہوں نے ایک مرتبہ بھی ہمارے مقاصد پر سوال نہیں اٹھایا ۔ گلین بیک نے کہا کہ وہ ریڈیو پر اپنے اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان ہونے والی خط و کتابت کی تفصیلات شیئر کریں گے اور انہوں نے وزیر اعظم کے ساتھ ساتھ پاکستانی عوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔